آج بتاریخ 3 نومبر 2023 بروز جمعہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن( کالجز ), روالپنڈی کے زیر اہتمام گورنمنٹ وقارالنسا گریجویٹ کالج میں سیکنڈ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ایونٹ کا انعقاد ہوا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی پی آئی (کالجز) پنجاب ڈاکٹر سید عنصر اظہر صاحب تھے۔ تقریب کے مہمانان گرامی میں ڈائریکٹرایڈمن ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر کاشف فراز احمد صاحب ، ڈائیریکٹر کالجز جناب شیر احمد ستی صاحب ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز جناب امجد اقبال خٹک صاحب ، پرنسپل ڈاکٹر زاہدہ پروین اور دیگر میزبان کالجز کی پرنسپلز اور سپورٹس کوچز نے شرکت کی ۔
گراونڈ میں اساتذہ ، طالبات اور کھلاڑیوں نے مہمان خصوصی کا شاندار استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا۔ قومی ترانے کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز روالپنڈی پروفیسر امجد اقبال خٹک صاحب نے ڈی ہی آئی ڈاکٹر عنصر اظہر اور ڈاکٹر کاشف فراز ، تمام پرنسپل صاحبان اور طلباء کو خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے اپنی ٹیم ، تیکنیکی ماہرین ، چوبیس میزبان کالجز کے سربراہان کی کی خدمات کو سراہتے ہوئے سپورٹس رپورٹ پیش کی۔ ضلع بھر کے تیس سے زائد کالجز کے آٹھ سو سے زائد خواتین کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ جن میں پشاور روڈ کالج ، مسلم ٹاون کالج ، ظفر الحق روڈ کالج ، موہن پورہ کالج ، بی بلاک سٹلایئٹ ٹاون کالج ، ایف بلاک کالج ، خیابان سرسید کالج، کہوٹہ کالج، ڈھوک ہسوکالج ، ٹیکسلا کالج، ڈھوک رتہ کالج، ڈھوک سیداں کالج ، جھنڈا چیچی کالج ، ڈھوک کالا خان کالج ، گولمنڈی کالج ، واہ کینٹ کالج ، ٹینچ بھاٹہ کالج، رحمت آباد کالج، منگھوٹ کالج، ڈھوک منگٹال کالج ، گجر خان کالج، ڈھوک الہی بخش کالج، صدرروڈ راولپنڈی کالج، مری روڈ کالج، کامرس کالج پشاور روڈ ، دھمیال کالج، دولتالہ کالج ، وقارالنسا کالج شامل تھے ۔ مارچ پاسٹ کے بعد کھلاڑیوں سے حلف لیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ٹگ آف وار رسہ کشی کا انعقاد ہوا ۔ گرین پاکستان اور خواتین پرنسپلز کی انتظامی ٹیم کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ ہوا۔ جس میں انتظامی ٹیم نے مقابلہ جیت لیا ۔
ڈائریکٹرایڈمن ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر کاشف فراز احمد نے اپنے خطاب میں طالبات کی حوصلہ افزائی کی ۔ انھوں نے کہا مجھے اور ڈی پی آئی کالجز کو کسی نے یہاں آنے کے لیے نہیں کہا ہم نے سوچا کہ ہم صرف کلاسز آباد نہیں کریں گے ہم گراونڈ بھی آباد کرنا چاہتے ہیں ۔ ساٹھ ستر سال میں پہلی مرتبہ ڈی پی آئی نے سپورٹس اکیڈمیز کا آغاز کیا ۔
ڈائریکٹر ڈی پی آئی کالجز جناب ڈاکٹر عنصر اظہر صاحب نے اپنے خطاب میں طالبات کو پنڈی کی بیٹیاں قرار دیا ۔ انھوں نے طالبات کو علامہ اقبال کی دو نظمیں شکوہ جواب شکوہ اور خطاب بہ جوانان پڑھنے کو کہا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کوشش کر رہی ہے کہ نوجوانوں کو محب وطن پاکستانی بنائیں ان کی کردار سازی کریں تاکہ ہم سب وطن عزیز کی تعمیر میں حصہ ڈال سکیں ۔ انھوں نے کہا جن قوموں کے میدان آباد رہتے ہیں انھیں ہسپتالوں کی ضرورت نہیں رہتی ۔ انھوں نے تمام اساتذہ اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور میزبان پرنسپلز کو ایک تعارفی لیٹر دینے کا وعدہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شیر احمد ستی اور ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر امجد اقبال خٹک نے معزز مہمان خصوصی اور مہمانان گرامی کو شیلڈز پیش کیں۔