لاہور:سابق اولمپئن رانا مجاہدعلی خان کو پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) کا نیا سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ایچ ایف کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں حیدر حسین کی جگہ رانا مجاہد کو فیڈریشن کا سیکرٹری منتخب کر لیا گیا ہے جبکہ اجلاس میں کرنل آصف ناز کھوکھر کو جوائنٹ سیکرٹری بھی منتخب کیا گیا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کو خوش اسلوبی کے ساتھ حل کر لیا گیا ہے اور حیدر حسین کے استعفے کے بعد رانا مجاہد کو نیا سیکریٹری منتخب کیا ہے۔
صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ ہم ہاکی ٹیم کو اس طرح نہیں اٹھا سکے جیسے اٹھانا چاہیے تھا اور اس کی وجہ مالی مسائل تھے۔
خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیموں کو بیرون ملک بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور اب پرو ہاکی لیگ کی بھی دعوت ہے دیکھتے ہیں ہم کیسے اس کا انتظام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی ہمارے ہاتھ سے گئی جس کی کئی وجوہات رہی ہیں حکومت نے بھی ہمیں جواب نہیں دیا تھا ، کئی ممالک نے بھی اس میں اپنا کردار ادا کیا تاہم ، کوالیفائنگ راؤنڈ کہیں بھی ہو ہم شرکت کریں گے اور اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں گے۔