افغانستان نے پاکستان کو ورلڈ کپ میں شکست دے کر تاریخ رقم کر دی

چنئی: آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پہلی بار پاکستان کو شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

افغانستان نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف با آسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ابراہیم زدران 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔

افغانستان نے پاکستان کو پہلی بار ون ڈے کرکٹ میچ میں شکست دی ہے جبکہ رواں ورلڈکپ میں افغان ٹیم نے دوسرا اپ سیٹ کیا ہے۔

اس سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس کو رواں ورلڈکپ میں تیسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ، پاکستان نے اب تک ورلڈکپ میں 5 میچز کھیلے جس میں 2 میں کامیابی ہوئی جبکہ 3 میچز میں شکست ہوئی۔

ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے گرین شرٹس کو اپنے بقیہ 4 میچز ضرور جیتنا ہوں گے۔

چنئی میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے، بابر اعظم 74 اور عبد اللہ شفیق 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔

افغانستان کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، محمد نواز بخار کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں، ان کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔

افغانستان کے خلاف گرین شرٹس کا آغاز اچھا رہا، اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق کے درمیان 50 رنز سے زائد کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر 56 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، امام 17 رنز بناکر عظمت اللہ عمرزئی کی گیند کا شکار ہوئے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد بابر اور عبد اللہ شفیق کے درمیان بھی 54 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر عبد اللہ 58 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

اس کے علاوہ محمد رضوان بھی 8 رنز بناکر نور احمد کا شکار ہوئے جبکہ سعود شکیل 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ایسے میں کپتان بابر اعظم نے بھی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ بھی 92 گیندوں پر 74 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی اوورز میں افتخار احمد اور شاداب خان نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی، افتخار 27 گیندوں پر 40 اور شاداب 38 گیندوں پر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شاہین آفریدی 3 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

یوں پاکستان نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے نوجوان اسپنر نور احمد نے 3، فاسٹ بولر نوین الحق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد نبی اور عظمت اللہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستان کے 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹرز نے شروع سے ہی پاکستان بولرز کا جم کر مقابلہ کیا، دونوں اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم کو 130 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔

گرین شرٹس کی جانب سے گندی فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے بولرز مخالف ٹیم پر دباؤ نہیں ڈال سکے۔

تاہم اوپنر گرباز 65 اور ابراہیم نے 87 رنز کی اننگز کھیلی، 2 وکٹیں گرنے کے بعد بھی افغان ٹیم بالکل دباؤ میں نہیں آئی اور کپتان حشمت اللہ اور رحمت شاہ نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کو جیت دلوادی۔

حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ رنز بناکر ناقابل شکست رہے، افغانستان نے پاکستان کا ہدف اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

Comments (0)
Add Comment