ہمارے نوجوان دنیا بھر میں روشن مثال قائم کریں گے،ڈاکٹر ثمر مبارک

اسلام آباد : فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجِنگ سائنسس نے اپنے 74 ویں کانوکیشن کی تقریب کا انعقاد کیا۔ جس میں تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ثمر مبارک مند تھے۔
کانوکیشن کی شاندار تقریب بلا شبہ طلبہ اور اساتذہ کے لیے ایک یادگار لمحہ رہی۔ تقریب میں مجموعی طور فاسٹ سکول آف کمپیوٹنگ، فاسٹ سکول آف مینجمنٹ اور ڈیپارٹمنٹ آف الیکٹریکل انجینئرنگ کے پی ایچ ڈی ، ایم بی اے، ایم ایس اور بی ایس کے 778 طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ ڈائیریکٹراسلام آباد کیمپس ڈاکٹر وسیم شہزاد نے شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے طلبہ کو انکی قابلِ ستائش کامیابیوں پر مبارکباد دی اور انکی محنت کو سراہا۔
تقریب کے مہمان خصوصی معزز ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے اعلی قابلیت کے حامل طلبہ میں 19 گولڈ میڈل، 14 سلور میڈل اور 16 برونز میڈل تقسیم کیے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے شرکاء کو دلی مبارکباد پیش کی ، ادارے کی خدمات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ہمارے نوجوان نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک روشن مثال قائم کریں گے۔ بلا شبہ اس کامیابی کے پیچھے اساتذہ اور والدین کی مستقل کاوشوں اور دعاؤں کا ہاتھ ہے۔
ریکٹر فاسٹ یونیورسٹی ڈاکٹر آفتاب احمد معروف نے اس موقع پر طلبہ ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے فارغ التحصیل طلبہ اپنی عملی زندگی میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرینگے۔ انہوں نے شرکاء کو فاسٹ یونیورسٹی کی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔

Comments (0)
Add Comment