بیجنگ (نیوزڈیسک)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے، مضبوط رابطے عوام کی خوشحالی کا باعث بنتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کو دس سال مکمل ہوگئے، چین کے ترقیاتی ماڈلز قابل تحسین ہیں، گوادر میں جلد انٹرنیشنل ائیرپورٹ فعال ہوگا، سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں 8 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، مواصلاتی رابطے زراعت اور صنعتی ترقی کا باعث بنیں گے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بی آر آئی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے، عوامی سطح پر رابطوں اور معاشی ترقی کو بی آر آئی سے فروغ ملا ہے، چین کے ترقیاتی ماڈلز سے بے حد متاثر ہیں، دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور وباؤں کے چیلنجز درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائد کے 50 منصوبے مکمل ہوچکے، مشترکہ ترقی و خوشحالی کے منصوبوں سے ہی انسانیت کی فلاح ممکن ہے، 10 ہزار میگاواٹ کے منصوبے زیر تکمیل ہیں، مربوط مواصلاتی روابط کے ذریعے زراعت اور صنعت ترقی کرے گی۔