اسلام آباد(نیوزڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑچین کے صدر شی جن پھنگ کی دعوت پر بیجنگ میں منعقدہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے لئے چین روانہ ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم 17 اور 18 اکتوبر کو بیجنگ میں منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے۔
نگران وزیراعظم اس حوالے سے چین کے صدر شی جن پنگ، سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ نگراں وفاقی وزیر تجارت گوہراعجازبیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے
لیے چین پہنچ گئے ہیں۔
بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیرِ اعظم چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت گزشتہ دس برسوں میں ہونے والی ترقیاتی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ مستقبل کے اہداف اور اس کلیدی منصوبے پر پاکستان کے بھرپور تعاون کا اعادہ کریں گے۔
وزیرِ اعظم بیلٹ اینڈ روڈ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے علاوہ 18 اکتوبر کو Connectivity in an Open Global Economy کے موضوع پر منعقدہ اعلی سطحی فورم سے خطاب کریں گے۔
وزیرِ اعظم کی چین میں چینی صدر عزت مآب شی جن پنگ سے دوطرفہ ملاقات کے ساتھ ساتھ اعلی چینی قیادت اور فورم میں شریک دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات ہوگی.وزیرِ اعظم پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے چین میں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے. سنکیانگ اور پاکستان کے عوام کے مابین تعلقات اور کاروبار و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیرِ اعظم اورمچی کا دورہ کریں گے جہاں وزیرِ اعظم وہاں کے مقامی عمائدین و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے