سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کے 10 سال مکمل ہونے پر چائنہ میڈیا گروپ نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے اشتراک سے اسلام آباد میں آرٹ نمائش اور ثقافتی شو کا انعقاد کیا۔تفصیلات کے مطا بق
اس موقع پر سی پیک اور بیلٹ اینڈروڈ انیشیٹیو کے حوالے سے خصوصی پینٹنگز کی نمائش کی گئی، جس میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ تقریب میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستانی ثقافتی فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا بھر پورانداز میں مظاہرہ کیا جبکہ اس دوران بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ نے بھی پرفارم کیا۔ تقریب میں موجود چینی ثقافتی فنکاروں نے خوبصورت موسیقی کے ذریعے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب سے نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان مضبو ط دوستی کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبو ط ہو رہے ہیں۔ مرتضی سولنگی کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن کیلئے سی پیک کا منصوبہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ثقافتی روابط کاسلسلہ جاری ہے، جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبو ط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز سے اب تک پاکستان اور چین کے درمیان عوامی روابط اپنے عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 28 ہزار سے زائد پاکستانی چین میں زیر تعلیم ہیں اور پاکستان میں چینی زبان سیکھنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
تقریب سے نگراں وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ کا کہنا تھا کہ چین نے مشکل حالات میں بھی اپنی ثقافتی اقدار کو زندہ رکھا ہے۔ اُنہوں نے سی پیک ثقافتی کارواں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کارواں میں وسطی ایشیاء کے ممالک بھی شامل ہوں گے۔ جمال شاہ کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کو چند ممالک نے بدنام کرنے کی مذموم کوشش بھی کی ہے، تاہم اُنہیں ان مذموم مقاصد میں ناکامی ہوئی ہے۔
چائنہ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام تقریب میں چائنہ میڈیا گروپ ایف ایم 98 دوستی چینل کی اسٹیشن ڈائریکٹر حُو پھنگ پھنگ کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین دوستی کی ایک اعلی مثال ہے۔
اُنہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ سی پیک کے ذریعے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہو گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی پروگرامز کے انعقاد سے ہمیں جہاں ایک دوسرے کی ثقافت کو جاننے کا موقع ملے گا وہیں دو طرفہ تعلقات میں مزید مضبو طی آئے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کی تقریب بھی سی پیک کے منصوبے کے دس سال مکمل ہونے کے حوالے سے جاری تقریبات کا ایک تسلسل ہے۔ خیبر پختونخوا سرمایہ کاری بورڈ کے سابق چیئرمین حسان داود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے خطے میں ترقی کے ایک نئے دو ر کا آغا ز ہو چکا ہے۔
اس موقع پر چائنہ میڈیا گروپ کی جانب سے سی پیک کا ویڈیو پروگرام بھی پیش کیا گیا, جسے تقریب میں شامل شرکاء نے حد سراہا۔ تقریب کے اختتام پر مشہور گلوکار ساحر علی بگا نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور ان کی گلوکاری سے پاکستانی اور چینی حاضرین خوب محظوظ ہو ئے۔
تقریب میں پاکستان میں قائم چینی سفارتخانے کے ثقافتی قونصلر جنرل چانگ حہ چھنگ سمیت دیگر اعلی عہدیداران اور پاکستان اور چین کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔