اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے انتخابی رولز میں ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے 15 روز کا وقت اعتراضات کے لیے دے دیا، امیدواروں کو الگ بینک اکاونٹس بنانے کا پابند، مشترکہ بینک اکاونٹ ناقابل قبول قرار، امیدوار پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے قبل الگ بینک اکاونٹ کھولنا لازم قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رولز میں ترامیم کے تحت رات 2 بجے تک انتخابی نتائج تیار نہ ہونے پر ریٹرننگ افسران وجوہات سے آگاہ کرنا لازم، آر او ریٹرننگ افسران کو حتمی رزلٹ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے آفس میں فراہم کرے گا۔ الیکشن دن سے قبل ملنے والے پوسٹل بیلٹ ریٹرننگ افسران گنتی میں شامل کر سکیں گے، تاخیر سے وصول ہونے والے پوسٹل بیلٹ ووٹ کاونٹ نہیں ہوں گے۔
امیدوار انتخابی اخراجات کا ریکارڈ خود مرتب اور الیکشن کمیشن کو دے گا، انتخابی اخراجات کی مکمل تفصیلات اور انتخابی مہم پر اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے کا پابند ہو گا، انتخابات سے متعلق پیٹیشن ایک لاکھ روپے کے عوض فائل کی جا سکے گی، الیکشن کمیشن 4 ماہ کے بجائے 6 ماہ میں فیصلہ کرنے کا پابند ہو گا، کیس کی التوا کی درخواست پر 10 ہزار سے 50 ہزار جرمانہ عائد ہو گا،
رولز میں ترمیم کے تحت سیاسی جماعتیں انٹرا پارٹی الیکشن سے 15 روز پہلے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنے اور الیکشن کے 7 روز بعد تفصیل جمع کرانے کا پابند کیا گیا ہے۔