دبئی (20 ستمبر) ابوظبی ٹی 10 لیگ انتظامیہ نے ٹی لیگ میں بدعنوانیوں کے الزامات پر سخت مایوسی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں ہماری پالیسی بالکل واضح ہے اور ہم اس بارے میں صفر برداشت کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں ۔
گلوبل ٹی 10 اسپورٹس مینجمنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اس طرح کی شکایات موصول ہونے پر ہم نے ضروری اقدامات کئے ہیں ملزمان کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور ہم اس معاملے پر آئی سی سی کے ساتھ ملکر کام کریں گے تاکہ شائقین کرکٹ کو صاف ستھری کرکٹ دیکھنے کو ملے ۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے 2021 میں یواے ای میں منعقدہ ٹی 10 ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے 3 کھلاڑیوں سمیت 8 افراد پر بدعنوانی کے الزامات عائد کئے ہیں۔
ملزمان میں بنگلہ دیش کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر ناصر حسین، ڈومیسٹک کرکٹر رضوان جاوید اور سالیہ سمان، بیٹنگ کوچ اشعر زیدی، اسسٹنٹ کوچ سنی ڈھلوں، ٹیم منیجر شاداب احمد، ٹیم کے شریک مالکان کرشن کمار اور پراگ سنگھوی شامل ہیں۔