اسکردو، قدیمی منتھل بدھا چٹان کے سامنے جاپانی وفد کے ہمراہ میڈیا ٹاک، چیئرمین سینیٹ سے گلگت بلتستان میں گندھارا سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال
اسکردو : وزیر مملکت چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے گندھارا کوریڈور کے قیام کو ناگزیر قرار دیا ہے، دورہ اسکردو کے دوران سینکڑوں سال قدیمی بدھا منتھل راک کے سامنے میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی خوبصورت نظارے دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے نہایت پرکشش ہیں، اس موقع پر جاپانی ماہرین کا ایک وفد، مقامی شہری اور میڈیا کے نمائندگان بھی انکے ہمراہ تھے۔ اپنے مجوزہ گندھارا کوریڈور منصوبے کے حوالے سے ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور بدھا اکثریتی ممالک کے دارالحکومتوں کے مابین فضائی کوریڈور کے قیام سے عالمی بدھسٹ سیاحوں کی بڑی تعداد اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گی جنہیں بعد ازاں صوبوں کے تعاون سے گندھارا مقامات کی یاترا کیلئے سفری تعاون فراہم کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ آج سے سینکڑوں سال قبل گوتم بدھا کے پیروکار گلگت بلتستان کی بلند و بالا سنگلاخ چٹانوں کو عبور کرکے چین، جاپان اور کوریا وغیرہ آیا جایا کرتے تھے، بدھا منتھل راک کا مقام تبت کے باسیوں کی عبادتگاہ بھی رہا ہے، تاریخی طور پر اسکردو ماضی میں بدھسٹ تبت کا اہم حصہ رہا ہے اور آج بھی اسکردو کو لٹل تبت (تبت خورد) کہا جاتا ہے، گلگت بلتستان کی پتھریلی چٹانوں پر کنندہ بدھا کی شبیہ اور نقش و نگار زمانہ قدیم کے انسانوں کی گوتم بدھا سے مذہبی عقیدت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔اس موقع پر بدھا کے پیروکار جاپانی وفد نے میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر رمیش کے موقف کی تائید کی کہ گلگت بلتستان میں جا بجا موجود گندھارا مقامات کی یاترا بدھا اکثریتی ممالک کے شہریوں کی دلی خواہش ہے۔ بعد ازاں،ڈاکٹر رمیش کمار نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے غیررسمی ملاقات میں گلگت بلتستان میں گندھارا سیاحت اور ملک بھر میں گندھارا آرٹ کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا، چیئرمین سینیٹ کی زیر قیادت سینٹرز کا اعلیٰ سطحی وفد بھی اسکردو کے دورے پر وہاں موجود تھا۔