اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے سابق رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی کی مبینہ گمشدگی پر آئی جی اسلام آباد پولیس سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے صداقت عباسی کے مبینہ اغوا کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔
اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد پولیس نےعدالتی حکم پر رپورٹ کرواتے ہوئے بتایا کہ صداقت عباسی اسلام آباد پولیس کی تحویل میں نہیں ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ صداقت عباسی کی مبینہ گمشدگی کے حوالے سے مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کرلیا ہے۔
عدالت نے معاملے پر آئی جی اسلام آباد سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی جب کہ معاملے پر وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کو خط لکھنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ معلومات کی جائیں صداقت عباسی ان وزارتوں کے ماتحت اداروں کی تحویل میں تو نہیں، ایس ایس پی آپریشنز معاملے کی تحقیقات کے لئے سینئر آفیسر کو تعینات کریں۔
عدالت نے کیس کی سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کردی۔