بھارت نے چاند پر کامیاب لینڈنگ کے بعد اب سورج کے خفیہ راز جاننے کے لیے اپنا مشن روانہ کر دیا ہے۔ بھارتی خلائی ایجنسی آئی ایس آر او کا سورج مشن ادتیا ایل ون ہفتے کو آندھرا پردیش کے ستیش دھون اسپیس سینٹر سے روانہ ہوا۔
یہ مشن بھی چندریان کی طرح پہلے زمین کے مدار میں اونچائی پر گردش کرے گا اور اس کے بعد وہاں سے یہ مزید تیزی سے سورج کی طرف پرواز کرتا ہوا زمین سے تقر یباً 15 لاکھ کلومیٹر کی اونچائی پر پہنچ کر زمین اور سورج کی کشش کے درمیان ایک ایسےمقام پر رُکے گا جسے سائنسی اصطلاح میں ایل ون کہا جاتا ہے۔
آدتیہ خلائی جہاز یہ فاصلہ تقریباً چار مہینے میں طے کرے گا۔ یہاں سے وہ سورج میں ہونے والی مختلف سرگرمیوں، اندرونی اور باہری فضا وغیرہ کا مطالعہ کرے گا۔
اس سے قبل امریکہ اسی طرح کا ایک مشن سورج کے مزید قریب ایل ٹو زون میں بھیج چکا ہے۔ انڈیا کی خلائی تحقیق اور جستجو میں اسے ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔ زمین سے سورج کا فاصلہ تقریباً 15 کروڑ کلومیٹر ہے۔
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے مشن کی کامیاب روانگی پر سائنس دانوں کو مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کو بہتر طریقے سے سمجھنے کے لیے بھارت کی کوششیں جاری رہیں گی۔