بیجنگ(شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نےڈربن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے اساتذہ اور طلباء پرچینی زبان کو اچھی طرح سیکھنے اورچین-جنوبی افریقہ دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔
اساتذہ اور طلباء کو لکھے گئے ایک جوابی خط میں صدر شی نے کہا کہ 10 سال قبل ان کے سامنے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا اور یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ دونوں اطراف کی مشترکہ کوششوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کے مفید نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
صدر شی نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے چین کی تاریخ اور ثقافت سے واقفیت حاصل کی ہے، اپنے کیریئر کے آپشنز میں اضافہ کیا اور چینی زبان سیکھ کر اپنے خوابوں کو پورا کیا ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ دونوں اہم ترقی پذیر ممالک نے خصوصی طور پر برادرانہ دوستی قائم کی ہے، ایک دوسرے کی زبان اور ثقافت کو سیکھنا اور سمجھنا باہمی افہام و تفہیم کو آسان بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان لازوال دوستی کو فروغ دینے میں معاون ہے۔