چاقو حملے میں زخمی سیف کو اسپتال پہنچانے والے رکشہ ڈرائیور کو انعام میں کتنی رقم دی گئی؟
بالی وڈ اداکار سیف علی خان کو چاقو حملے میں زخمی ہونے پر اسپتال پہنچانے والے رکشہ ڈرائیور کو نقد انعام دیا گیا ہے۔
16 جنوری کو رات 3 بجے کے قریب سیف علی خان کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔
سیف علی خان کو زخمی ہونے کے بعد گھر کی گاڑی کے بجائے رکشہ میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا۔
سیف علی خان کو زخمی حالت میں ان کا بیٹا تیمور علی خان رکشہ ڈرائیور کی مدد سے اسپتال لایا تھا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا نے بتایاکہ رات کو ان کے گھر کے قریب سے نکل رہا تھا تو ایک خاتون نے سامنے آکر رکشہ روک لیا اور پھر میں نے ان کے اپارٹمنٹ کے سامنے رکشہ لگالیا، اس دوران ایک سفید شلوار قمیض میں شخص کو رکشے میں بٹھایا جس کے سارے کپڑے خون آلود تھے۔
انہوں نے کہا کہ رکشے میں سیف کے ساتھ 7 سے 8 سال کا بچہ بیٹھتا ہے، ساتھ ایک آدمی بھی تھا، سیف نے کہا لیلاوتی اسپتال لیکر چلو جس پر اس طرف روانہ ہوگیا، مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ سیف علی خان ہیں،اسپتال پہنچایا تو وہاں گارڈ کو بلاکر سیف نے اپنا نام ان کو بتایا۔
رکشہ ڈرائیور نے بتا دیا
اسپتال پہنچنے پر سیف کا آپریشن کرکے ان کی ریڑھ کی ہڈی سے چاقو کا 2.5 انچ کا ٹکڑا نکالا گیا اور اداکار کو تقریباً 6 دن کے بعد گزشتہ روز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سیف علی خان کو اسپتال پہنچانے والے رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا کو ایک سوشل ورکر کی جانب سے 11 ہزار بھارتی روپے انعام میں دیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممبئی کے سوشل ورکر فہیم انصاری نے بھجن سنگھ رانا کو 11 ہزار روپے کا نقد انعام دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انعام حاصل کرنے کے بعد رکشہ ڈرائیور نے بتایا کہ مجھے بہت فخر محسوس ہو رہا ہے کیونکہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میری زندگی میں کچھ ایسا ہوگا، میں سیف کی مدد کرنے پر خوش ہوں۔
دوسری جانب بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے 21 جنوری کو لیلاوتی اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد آٹو ڈرائیور بھجن سنگھ رانا سے ملاقات کی ہے، جنہوں نے حملے کے بعد انہیں فوراً اسپتال پہنچایا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان 16 جنوری کی رات اپنے گھر پر ایک خطرناک حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے میں انہیں متعدد چاقو کے وار کیے گئے، جس کے بعد انہیں لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا جہاں فوری طور پر ان کے دو آپریشن کیے گئے۔
بھجن سنگھ رانا، جنہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کے آٹو رکشہ میں موجود زخمی مسافر ایک مشہور اداکار ہیں، نے بتایا کہ ایک خاتون بلڈنگ سے نکل کر دوڑتی ہوئی آئیں اور رکشہ رکشہ روکو روکو گھبراہٹ میں آواز لگائی جس پر انہوں نے رکشہ روکا اور مسافر کو بیٹھا لیا، بھجن سنگھ کے مطابق انہوں نے سیف کو خون میں بھری سفید شرٹ پہنے دیکھا جن کے ساتھ ایک چھوٹا بچہ بھی موجود تھا۔ وہ فوراً انہیں اسپتال لے گئے۔
سیف علی خان اور ان کے خاندان نے بھجن سنگھ رانا سے ملاقات کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے بعد بھجن نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ انہیں بےحد عزت دی گئی اور سیف علی خان کے گھر والے ان کی صحت کے لیے فکرمند تھے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیشی شہری شرف الاسلام شہزاد نے سیف علی خان پر حملہ کیا تھا جو کہ جعلی نام سے بھارت میں مقیم تھا، اب پولیس کی حراست میں ہے۔