چین کو امریکہ کی جانب سے پیرس معاہدے سے دستبرداری کے اعلان پر تشویش ہے، وزارت خارجہ

چین عالمی صحت کی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا، تر جمان

 

بیجنگ :چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے یومیہ پریس کانفرنس میں امریکہ کی جانب سے ڈبلیو ایچ او اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے سے دستبرداری کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عالمی صحت عامہ کے شعبے میں ایک مستند پیشہ ورانہ بین الاقوامی تنظیم کی حیثیت سے ڈبلیو ایچ او نے عالمی صحت کی گورننس میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ڈبلیو ایچ او کے کردار کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔ چین ہمیشہ کی طرح ڈبلیو ایچ او کے فرائض ، صحت عامہ کے بین الاقوامی تعاون کو گہرا کرنے اور عالمی صحت کی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا تاکہ طب اور صحت کے شعبے میں انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دیا جا سکے ۔ترجمان نے کہا کہ چین کو امریکہ کی جانب سے پیرس معاہدے سے دستبرداری کے اعلان پر تشویش ہے۔ آب و ہوا کی تبدیلی پوری انسانیت کو درپیش ایک مشترکہ چیلنج ہے اور کوئی بھی ملک اس سے الگ نہیں رہ سکتا . آب و ہوا کی تبدیلی سے فعال طور پر نمٹنے کے لئے چین کا عزم اور اقدامات مستقل رہے ہیں۔ چین انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کے وژن کو برقرار رکھتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج کا فعال طور پر جواب دینے اور مشترکہ طور پر عالمی سبز اور کم کاربن تبدیلی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھےگا.

Comments (0)
Add Comment