چین اور امریکہ دونوں عظیم ملک ہیں، چینی نائب صدر
دونوں مما لک اپنے اپنے ترقیاتی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں، ہان زنگ
چینی صدر کے خصوصی نمائندے اور نائب صدر ہان زنگ کی امریکہ کے نومنتخب نائب صدر جیمز وینس سے ملاقات
واشنگٹن ()
چینی صدر شی جن پھنگ کے خصوصی نمائندے اور نائب صدر ہان زنگ نے واشنگٹن میں امریکہ کے نومنتخب نائب صدر جیمز وینس سے ملاقات کی۔پیر کے روز
ہان زنگ نے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے نومنتخب صدر ٹرمپ کے لئے مبارکباد کا پیغام دیا اور وینس کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی۔ ہان زنگ نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ نے حال ہی میں نومنتخب صدر ٹرمپ کے ساتھ ایک اہم ٹیلی فونک بات چیت کی اور اگلے مرحلے میں چین امریکہ تعلقات کی ترقی کے حوالے سے کئی اہم اتفاق رائے پر پہنچے۔ چین سربراہان مملکت کی سفارت کاری کی حکمت عملی کی رہنمائی پر عمل کرنے، صدر شی جن پھنگ اور نومنتخب صدر ٹرمپ کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے اور چین امریکہ تعلقات کی مستحکم، صحت مند اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے امریکہ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
ہان زنگ نے نشاندہی کی کہ چین اور امریکہ دونوں عظیم ملک ہیں، اور چینی اور امریکی عوام دونوں ہی عظیم اقوام ہیں۔ ہم اس وقت اپنے اپنے ترقیاتی اہداف اور خوابوں کو حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ جب تک دونوں فریق باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور جیت جیت تعاون کے اصولوں پر گامزن رہیں گے، وہ باہمی کامیابی حاصل کرتے رہیں گے، دونوں ممالک کو فائدہ پہنچائیں گے اور عالمی امن اور ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔ اقتصادی و تجارتی تعلقات دونوں فریقوں کے لیے مشترکہ اہمیت کے حامل ہیں، اگرچہ چین اور امریکہ کے درمیان اختلافات اور تنازعات موجود ہیں تاہم دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات بھی ہیں اور دونوں فریق اس سلسلے میں بات چیت اور مشاورت کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔