دبئی : گلف جائنٹس نے دبئی کیپیٹلز کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 3 میں اپنی مہم کی پہلی فتح حاصل کی۔ 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گیرہارڈ ایرسمس اور شمرون ہیٹمائر نے صرف 44 گیندوں پر 80 رنز کی شراکت قائم کی۔ ایرسمس نے 34 گیندوں پر ناقابل شکست نصف سنچری بنائی جبکہ ہیٹمائر بھی صرف 20 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 4 چھکے شامل تھے۔
دبئی کیپیٹلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ ایان افضل خان اور مارک ایڈیر نے جائنٹس کے بولنگ اٹیک کی قیادت کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ایڈم لیتھ نے 32 رنز کی جارحانہ اننگز کے دوران صرف 17 گیندوں پر 4 چوکے اور ایک چھکا لگا کر جائنٹس کے رنز کے تعاقب میں کوئی وقت ضائع نہیں کیا۔ ان کی اننگز 8 ویں اوور میں ختم ہوئی جس میں فرحان خان نے وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل جیمز ونس چوتھے اوور میں 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس سے اوبیڈ میک کوئے کو پہلی کامیابی ملی۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد کیپیٹلز نے اپنی گرفت مضبوط کرلی جب اسکاٹ کوگیلین نے ابراہیم زدران کو آؤٹ کیا۔
جورڈن کاکس اور گرہارڈ ایرسمس نے 35 رنز کی شراکت سے اننگز کو مستحکم کیا۔ کوکس اپنی 27 رنز کی اننگز میں محتاط رہے لیکن سکندر رضا کی گیند پر اولی اسٹون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جائنٹس نے 11.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے تھے۔اس سے قبل دبئی کیپیٹلز نے اپنی اننگز کا ملا جلا آغاز کیا اور جارحانہ عزائم کے باوجود پاور پلے میں دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے ۔ شائی ہوپ 11 رنز بنا کر بلیسنگ مزاربانی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ بین ڈنک اپنی 28 رنز کی اننگز کے دوران خطرناک نظر آئے جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ایان افضل خان نے 8 ویں اوور میں 11 رنز دیکر برینڈن میک مولن کی وکٹ حاصل کی جس سے کیپیٹلز کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد سکندر رضا اور روومین پاول نے 32 گیندوں پر 45 رنز کی قابل قدر شراکت قائم کرکے اننگز کو مستحکم کیا۔ رضا نے 11 ویں اوور میں ٹائمل ملز کو لگاتار 4 چوکے لگائے۔ تاہم دونوں میں سے کوئی بھی بلے باز اپنے آغاز کا فائدہ نہیں اٹھا سکا، رضا کو وحید اللہ زدران پویلین واپس بھیجا جبکہ پاول کو 25 رنز ایان افضل خان نے آوٹ کیا ۔ اس وقت کیپیٹلز 15.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز پر بناسکی تھی۔داسن شناکا کی 20 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کی بدولت کیپیٹلز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔