دبئی :دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ڈیزرٹ وائپرز نے گلف جائنٹس کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی۔ آل راؤنڈر سیم کرن کی 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے ڈیزرٹ وائپرز کے لئے تعاقب کو آسان کردیا شیرفین ردرفورڈ نے 18 گیندوں پر 40 رنز بنا کر وائپرز کو 17.4 اوورز میں فتح دلائی۔وائپرز کے تیز گیند بازوں نے پہلی اننگز پر راج کیا کپتان لوکی فرگوسن اور محمد عامر نے بالترتیب 3 اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جیمز ونس نے 62 گیندوں پر 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلے جس سے جائنٹس 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ڈیزرٹ وائپرز کو رنز کے تعاقب کے دوسرے ہی اوور میں فخر زمان اور ڈین لارنس کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ ایلکس ہیلز اور سیم کرن کی انگلش جوڑی نے پاور پلے کے دوران وائپرز کو 2 وکٹوں پر 22 اسکور پر پہنچایا ۔اعظم خان نے 12.2 اوورز اسکور کو 4 وکٹوں کے نقصان پر 66 رنز تک پہنچایا ۔شیرفین ردرفورڈ نے 18 ویں اوور میں 2 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ سیم کرن 43 گیندوں پر 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔اس سے قبل گلف جائنٹس نے ابتدائی وکٹیں کھو دیں جب محمد عامر نے ایڈم لیتھ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ اس کے فورا بعد لوکی فرگوسن نے ریحان خان کو آؤٹ کیا جبکہ جورڈن کوکس کو سیم کرن نے آؤٹ کیا اس وقت جائنٹس کا اسکور 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 32 رنز تھا۔ اوپنر جیمز ونس نے عمدہ اننگز کھیلی تاہم دوسرے اینڈ پر وکٹیں گرتی رہیں۔50 کے اسکورز پر ونس کو یواے ای کے ایان افضل خان کی مدد ملی جنہوں نے 18 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔ تاہم 15 ویں اوور میں لیوک ووڈ نے خان کو آوٹ کرکےجائنٹس کی کوششوں کو مزید دھچکا لگایا ۔ اس کے بعد عامر نے صغیر خان کو آؤٹ کیا جس کے بعد ونس کو تنہا جنگ لڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ونس نے آخری دو اوورز میں مزید 2 چوکے لگا کر اسٹرائیک برقرار رکھا اور جائنٹس کو مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز تک پہنچا دیا۔ میچ کا بہترین کھلاڑی سام کرن کو قرار دیا گیا۔