کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 6 خواتین سمیت 38 افراد جاں بحق

لوئر کرم:ضلع لوئر کرم میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 38 افراد مارے گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر کرم میں پاراچنار جانیوالی مسافر گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 6 خواتین سمیت 38 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔
ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ترجمان ڈی پی او احسان اللہ کا کہنا ہے کہ فی الحال ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق اب بھی کچھ نہیں بتایا جاسکتا، قافلوں میں مسافر گاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو رضا کار اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا، دوسری جانب زخمی افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیرِ اعظم کی کرم میں مسافر گاڑیوں کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کرم میں شرپسندوں کی معصوم شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کے قافلے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ،۔
وزیرِاعظم نے حملے میں خواتین اور بچوں سمیت جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ۔
وزیرِ اعظم نےحملے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیرِاعظم نے حملہ آوروں کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملک کے امن کے دشمنوں نے معصوم شہریوں کے قافلے پر حملہ کیا جو حیوانیت کے مترادف ہے،ملک دشمن عناصر کے وطن عزیز کے امن کو تباہ کرنے کی تمام تر مزموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے،واقعے میں ملوث شر پسند عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں مثالی سزا دی جائے گی،تخریب کار ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے،شرپسند عناصر جو معصوم شہریوں کا خون بہاتے ہیں وہ مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں۔
صدر آصف علی زرداری کی ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فائرنگ میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ نہتے مسافروں پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ صدر مملکت نے واقعہ میں قیمتی جانی نقصان پر لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع کرم کے علاقے اوچت میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

Comments (0)
Add Comment