لیما :چین کے صدر شی جن پھنگ خصوصی طیارے کے ذریعے لیما پہنچے جہاں وہ اپیک اقتصادی رہنماؤں کےاکتیسویں غیر رسمی اجلاس میں شرکت کریں گے اور پیرو کا سرکاری دورہ کریں گے۔
جمعہ کے روز چینی میڈیا کے مطابق شی جن پھنگ خصوصی طیارے کے ذریعے لیما میں ایئر بیس پہنچے تو پیرو کے وزیر اعظم اور دیگر سینئر حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مقامی طلباء نے شی جن پھنگ کو پھول پیش کیے اور چینی زبان میں شی جن پھنگ کے دورے کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا۔ شی جن پھنگ نے ہوائی اڈے پر ایک تحریری تقریر کی اور پیرو کی حکومت اور پیرو کے عوام کو نیک خواہشات پیش کیں۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ پیرو عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے پہلے لاطینی امریکی ممالک میں سے ایک تھا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ دورہ چین پیرو جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو ایک نئی سطح پر لے جائے گا اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دے گا۔ انہوں نے اپیک اقتصادی رہنماؤں کے اکتیسویں اجلاس میں تمام فریقوں کے ساتھ مل کر ایک کھلی ایشیا بحرالکاہل معیشت کی تعمیر، عالمی اقتصادی ترقی کے فروغ اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایشیا بحر الکاہل برادری کی تعمیر میں کردار ادا کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ۔ ہوائی اڈے سے ہوٹل تک کے راستے پر سمندر پار چینی، چینی اداروں کے نمائندوں، غیر ملکی طلباء اور مقامی لوگوں نے سڑک کے دونوں جانب کھڑے ہو کر شی جن پھنگ کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔