شنگھائی(شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے ساتویں چین بین الاقوامی درآمدی نمائش (سی آئی آئی ای) میں شریک منگولیا کے اپنے ہم منصب لووسن مسرائے ایون-اردینے سے ملاقات کی ہے۔لی چھیانگ نے کہا کہ چین اور منگولیا نے دونوں سربراہان مملکت کی تزویراتی رہنمائی میں حالیہ برسوں میں اپنے دو طرفہ تعلقات کی درست اور مستحکم رفتار برقرار رکھی ہے۔ چین منگولیا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور منگولیا کو اپنے پڑوس کی سفارتکاری میں ترجیح سمجھتا ہے۔چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین منگولیا کے ساتھ اپنی ترقیاتی حکمت عملی مزید ہم آہنگ کرے گا۔ تجارتی و سرمایہ کاری تعاون بڑھائے گا۔ بندرگاہوں کو مربوط کرنے، کان کنی اور پانی سے بجلی پیدا کرنے جیسے شعبوں میں بنیادی شہری سہولیات کی تعمیر میں تعاون کو فروغ دے گا۔لی چھیانگ نے کہا کہ چین امن، ہم آہنگی اور تعاون کے حصول کے لئے منگولیا اور دیگر ملکوں کے ساتھ کام کرے گا جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم جیسے کثیر جہتی نظاموں کے دائرہ کار میں تبادلے اور روابط بڑھائے جائیں گے۔ایون-اردینے نے کہا کہ منگولیا ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے اور ایک دوسرے کے لئے اہم دلچسپی کے امور پر باہمی احترام اور تعاون برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔ایون-اردینے نے کہا کہ منگولیا توانائی، شہری منصوبہ بندی اور صحرائی پھیلاؤ روکنے کے لئے چین کے ساتھ باہمی مفید تعاون بڑھانے کو تیار ہے۔ منگولیا مصنوعی ذہانت، ماحول دوست ترقی اور انسانی وسائل سمیت نئے شعبوں میں بھی تعاون تلاش کرنے کو تیار ہے۔