نیروبی(شِنہوا)کینیا کے ایک ماہر اقتصادیات نے کہا ہے کہ گزشتہ 15 سالوں میں چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارت نے براعظم افریقہ میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
شِنہوا کو ایک انٹرویو میں نیروبی یونیورسٹی کے پروفیسر ایکس این ایراکی نے متوازن تجارت کے اہم کردار پر زور دیا جس سے افریقہ اور چین میں تیزی سے ترقی کو فروغ ملے گا۔
پروفیسر ایراکی نے چین اور افریقی ممالک خاص طور پر کینیا کے درمیان چین-افریقہ تعاون فورم جیسے مکالمے کے پلیٹ فارم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے باہمی مفادات کو ہم آہنگ کرنے، تجارتی چیلنجز پر قابو پانے اور موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے ان کے کردار کو اجاگر کیا۔
عالمی تجارت میں تاریخی تبدیلی کی عکاسی کرتے ہوئے پروفیسر ایراکی نے چین کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی تعریف کی۔
سرمایہ کاری کے بارے میں پروفیسر ایراکی نے کہا کہ "دنیا کی ورکشاپ” کے طور پر چین کی حیثیت نے قدرتی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا ہے، جسے اس کے موثر نظام اور ترسیلی ذرائع سے تقویت ملی ہے۔