اسلام آباد:وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین نے دیوالی کے موقع پر پاکستان کی ہندو برادری کو مبارکباد دی ہے۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے دیوالی کے موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کے پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ہندو برادری سے تعلق رکھنے والوں کو میری جانب سے دیوالی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دیوالی کا تہوار منانا ہمارے ثقافتی تنوع کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں جن کی آئین پاکستان نے ضمانت دی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں متحرک ہندو برادری کا ہمارے سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں کردار ہماری قوم کو مضبوط بنا رہا ہے،بطور پاکستانی ہندو برداری اور تمام اقلیتوں کو اپنے مذہبی تہوار منانے کی مکمل آزادی ہے،
دیوالی کا تہوار ہمیں اپنے اس عزم کو دہرانے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں گے اور مذہبی جنونیت کے خاتمے کے لئے اقدامات کریں گے، دیوالی روشنیوں کا تہوار ہے جس میں اچھائی ہر برائی پر فتح مند ہوتی ہے اور ہمیں ہر اچھائی کا ساتھ دیتے ہوئے برائی کو ختم کرنے کی جدوجہد کرتے رہنا چاہیے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔