اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس میں شرکت کیلئے چین کے وزیراعظم لی چیانگ 11 سال بعد 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، اس حوالے سے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر چینی وزیراعظم کا استقبال کیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے، معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔
چینی وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، ثقافتی لباس میں ملبوس بچوں نے چین کے وزیراعظم کو پھول پیش کئے۔
اس موقع پر پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، معیشت، تجارت، سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہو گی۔
چینی وزیراعظم صدر پاکستان آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنماؤں اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
پاکستان آمد کے بعد چینی وزیراعظم لی چیانگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان حکومت کی 23 ویں میٹنگ میں شرکت کرنے اور وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر پاکستان کادورہ کرنے پربہت خوشی ہے۔
چینی وزیراعظم نے کہا کہ جیسے ہی میں جہاز سے اترا، مجھے گرم جوشی سے خوش آمدید کہا گیا، پاکستانی عوام کی گہری برادرانہ دوستی اور مہمان نوازی نے متاثر کیا، پاکستان ایک اہم ترقی پذیر ملک، ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے جب کہ پاکستان چین کا ہر موسم کا اسٹریٹجک تعاون کرنے والا ساتھی اور آہنی دوست ہے۔
لی چیانگ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو چینی عوام بہت پسند کرتے ہیں اور سراہتے ہیں ، 73سال میں دونوں ممالک نےمستقل اعتماد قائم رکھا اور ایک دوسرے کی حمایت کی، چین پاکستان تعلقات دوطرفہ ریاستی تعلقات کی ایک عمدہ مثال بن گئے ہیں۔
ایس سی او کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت، چین، روس، ایران، تاجکستان اور کرغزستان کے وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
اسلام آباد شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے جبکہ میٹرو بس سروس آج 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان (کل) 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کی کونسل (سی ایچ جی) کے 23 ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا جو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔