لندن: پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا ہے کہ آئینی عدالت کا قیام پارلیمنٹ کا جمہوری حق اور خودمختاری کی ضامن ہے ، آئینی ترمیم کا ساتھ نہ دینا ذاتی انا اور مفادات کے زمرے میں آتا ہے ۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ پارلیمنٹ چاروں صوبوں کی نمائندگی ہے جہاں پر تمام نمائندے اپنے اپنے صوبوں کے عوام کی نمائندگی کررہے ہیں اور پارلیمنٹ قانون ساز اسمبلی ہوتی ہے ، دوسری طرف ملک کی تمام عدالتیں بشمول سپریم کورٹ بھی اس میں شامل ہے ،عدالتوں کا کام پارلیمنٹ کے بنائے ہوئے قوانین پر عمل درآمدکروانا ہوتا ہے ، اگر عدالتیں انصاف نہ کرپائیں تو انصاف کے ادارے منصب کے بجائے مجرم بن جاتے ہیں ، ہمارے سامنے بھٹو شہید کا جوڈیشل قتل کیس ہے کس کے ہاتھ پر لہو تلاش کریں ۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس کی سخت مذمت کرتا ہوں اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی اس معاملہ میں تائید کرتا ہوں ، ملک میں فوری انصاف کی فراہمی کے لئے آئینی عدالت کا قیام ناگزیر ہے ۔پارلیمنٹ عوام کی نمائندگی کا ایوان ہے اس کی خودمختاری ہم سب کی ذمہ داری ہے ،اداروں کو اپنی اپنی حدود میں رہ کرکام کرنا چاہئیے ،اداروں کا احترام جمہوریت کا حسن ہے ۔