اسلام آباد(نیوزڈیسک) آل پاکستان پرائیویٹ سکولزاینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹرملک ابرارحسین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے پاکستان میں اجلاس کو بڑی کامیابی اور ملکی ترقی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے غیرملکی مندوبین،سربراہان مملکت اور وفود کو تمام نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے خوش آمدید کہا ہے ا ور کہا ہے کہ اجلاس سے خطے کی ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع ہوگا جس سے یہاں کے لوگوں کو سہولت ملے گی۔انہوں نے اس موقع پر جڑواں شہروں کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں سرکاری احکامات کے مطابق چھٹیوں کا بھی اعلان کردیاہے۔گزشتہ روز یہاں سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں ڈاکٹر ملک ابرار حسین کا کہنا تھاکہ کہ اجلاس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں امید ہے کہ ان کی آمد سے پاکستان سمیت خطے میں امن و امان اور خوشحالی کادور آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ جڑواں شہروں کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں 14،15 اور16اکتوبر بروز پیر،منگل اور بدھ کو چھٹی کی جائے گی۔