چین کا پاکستان سے دہشت گرد حملے کی مکمل تحقیقات اور مجرموں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ
بیجنگ: چین کی وزارت خارجہ کے شعبہ ایشیائی امور کے ڈائریکٹر جنرل لیو جن سونگ نے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی سے ملاقات کی۔ خلیل ہاشمی نے کہا کہ 6 اکتوبر کی رات کراچی میں چینی قافلے کی گاڑیوں پر ہونے والے دہشت گرد حملے اور دو چینی اہلکاروں کی ہلاکت پر پاکستان کو شدید صدمہ پہنچا ہے ۔ انہوں نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور چینی متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان کی جانب سے علاج اور تحقیقات کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان سیکیورٹی اقدامات کو بہتر بنانے، چین کے ساتھ انسداد دہشت گردی سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کے لئے سیکیورٹی گارنٹی کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی پوری کوشش کرے گا ۔
اس موقع پر لیو جن سونگ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اپنے وعدوں کو سنجیدگی سے پورا کرے، متاثرین کو بچانے اور ان کے علاج کے لئے ہر ممکن کوشش کرے، واقعے کی مکمل تحقیقات کرے اور قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دے۔