چین کا بڑا گروپ پاکستان میں 7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا، عطا تارڑ

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ چین کا ایک بزنس گروپ پاکستان میں 7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ آج عوام کو 2 اہم موضوعات پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے اس حوالے سے تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج چین کے ایک بڑے گروپ سے ملاقات کی ہے، چین کا روہی گروپ پاکستان میں ٹیکسٹائل پارک قائم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کے بعد حکومت پاکستان نے چین کے روہی گروپ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، روہی گروپ سی پیک کے تحت 21 ماہ کی ریکارڈ مدت میں ساہیوال کول پاور پروجیکٹ مکمل کرچکا ہے، اب یہ گروپ پنجاب اور سندھ میں ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا۔
عطا تارڑ نے کہا روہی گروپ جس 100 سے زائد چینی کمپنیوں کو ان پارکس میں سرمایہ کاری کی دعوت دے گا کہ وہ یہاں آکر اپنے ٹیکسٹائل یونٹس قائم کریں، مجموعی طور پر 7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، 2 ارب ڈالر پہلے اور 5 ارب ڈالر دوسرے مرحلے میں سرمایہ کاری ہوگی۔ عطا تارڑ نے کہا کہ ٹیکسٹائل پارکس کے قیام سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا، برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment