اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم سب کا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے، عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، ہم اپنے ہدف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حق اور سچ کا ساتھ دیں گے، اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ تکبر ناپسند ہے، تکبر فرعون نے بھی کیا تھا لیکن اس کے گھر میں ہی حضرت موسیٰ علیہ السلام پیدا ہوئے تھے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا کا قافلہ راولپنڈی کے قریب پہنچ گیا، پولیس کی شدید شیلنگ
دوسری جانب وزیراعلی خیبرپختونخوا کا قافلہ راولپنڈی کے قریب پہنچ گیا، 26 نمبر چنگی پر کارکنوں نے ایک کرین اور ایک موٹرسائیکل کو آگ لگا دی۔
ڈی چوک اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے لیے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں آنے والا قافلہ راولپنڈی تک پہنچ گیا۔
ٹیکسلا کے علاقے ٹھٹہ خلیل کے مقام پر پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی جاری ہے۔
مظاہرین کی جانب سے پولیس پر جوابی پتھراؤ اور شیل اٹھا کر واپس پھینکنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شدید مزاحمت کے بعد پی ٹی آئی مظاہرین نے پتھر گڑھ کٹی پہاڑی کے مقام پر رکاوٹوں کو عبور کرلیا۔
پی ٹی آئی احتجاج؛ فوجی دستے شرپسندوں کے عقب میں تعینات، گنڈا پور کا قافلہ باہتر پر رات گزارے گا
پی ٹی آئی قافلے کے 8 سو کارکن پنڈی کی حدود میں داخل ہوگئے۔ مرکزی قافلہ پھتر گڑھ کٹی پہاڑی مقام پر رکاوٹیں ہٹا کر راستہ کلیئر کرنے میں مصروف ہے جس کے پیچھے پیدل شرکاء پیش قدمی کررہے ہیں۔ 26 نمبر چنگی پر کارکنوں نے ایک کرین اور ایک موٹرسائیکل کو آگ لگا دی۔
باہتر موڑ انٹرچینج کے مقام پر شدید شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔
ادھر مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا قافلہ اپنی منزل کی طرف دوبارہ روانہ ہو گیا ہے، مزید رکاوٹیں نہ ہوں تو وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور ایک گھنٹے میں ڈی چوک پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں، اسلام آباد پر یلغار کرنے نہیں جا رہے، پولیس راستوں میں ہمارے لیے رکاوٹیں کھڑی نہ کرے، پولیس، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا احترام کرتے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ہم اپنے آئینی اور قانونی حق کے لیے نکلے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے درخواست ہے کہ عوام سے نہ ٹکرائیں، بانی پی ٹی آئی کی کال پر واپس ہوں گے اور کوئی آپشن نہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور کارکنوں نے رات برہان انٹر چینج کے قریب کھلے آسمان تلے گزاری، رات بھر علی امین اور قافلے کے شرکاء کنٹینرز ہٹانے میں مصروف رہے۔