بیجنگ:یورپی یونین نے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر پانچ سالہ کاؤنٹر ویلنگ ڈیوٹی عائد کرنے کے بارے میں رائے شماری کی۔ یورپی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چینی برقی گاڑیوں پر محصولات عائد کرنے کی یورپی کمیشن کی تجویز کو ووٹنگ میں یورپی یونین کے رکن ممالک کی جانب سے درکار حمایت حاصل ہوئی ہے۔ یورپی یونین میں چینی چیمبر آف کامرس نے اسی دن ایک بیان جاری کیا ، جس میں یورپی یونین کی طرف سے تجارتی تحفظ پسند اقدامات کے فروغ پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ چیمبر آف کامرس نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ محتاط انداز میں کام کرے اور محصولات پر عمل درآمد ملتوی کرے۔ چینی چیمبر آف کامرس نے اس بات پر زور دیا کہ چین کی الیکٹرک گاڑیوں کےخلاف یورپی یونین کی تحقیقات سیاسی مقصد کے تحت غیر منصفانہ تحفظ پسند عمل ہیں۔
ادھر فیڈریشن آف جرمن انڈسٹری کی ڈائریکٹر جنرل تانیا گنر نےاسی دن بیان جاری کیا جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جرمنی کی صنعت نے تجارتی تنازعات میں اضافے کو روکنے کے لئے مذاکرات جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یورپی یونین اور چین کو ممکنہ جغرافیائی اور معاشی خطرات سے بچنے کے لئے اپنے تعاون میں خطرات کے انتظامات پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔