اسلام آباد :
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور برطانوی ہائی کمشنJane Marriott کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ثقافتی سرگرمیوں و کھیلوں کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔خیبر پختونخوا سے پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی احمد کریم کنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، تعلیم و صحت، اور ثقافت و کھیل کے شعبوں میں تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے خیبرپختونخوا میں ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی برطانیہ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات سمیت ثقافتی وفود کے تبادلوں اور کھیلوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے برطانوی ٹیموں اور فنکاروں کے ساتھ مشترکہ پروگرامز منعقد کرنے اور کھیلوں کے مقابلے ترتیب دینے کی تجویز بھی پیش کی۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ثقافتی سرگرمیاں اور کھیل نوجوانوں کی تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے بہترین ذرائع ہیں، اور ان شعبوں میں تعاون سے نہ صرف عوامی سطح پر تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ ملے گا ۔ملاقات میں دونوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے حامل منصوبوں پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔