واشنگٹن: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اپنی دولت میں مسلسل کمی کے باعث دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 12 ویں نمبر پر آگئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق بل گیٹس 1991 سے ہمیشہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد میں شامل رہے ہیں تاہم اس بار وہ ’’ٹاپ ٹین‘‘ سے باہر ہوگئے۔
جریدے فوربس نے دعویٰ کیا ہے کہ بل گیٹس کی دولت میں 2021 میں اہلیہ ملینڈا فرینچ گیٹس سے طلاق کے بعد ادا کی گئی رقم کے بعد سے کمی واقع ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں بل گیٹس کے اپنے اثاثوں کو مزید سرمایہ کاری کے بجائے فلاحی کاموں میں زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے باعث بھی ان کی دولت میں کمی ہوئی۔
بل گیٹس کے فوربس کی امیر ترین افراد کی فہرست میں نمبر 6 سے 9 اور اب 12 پر آنے کے باوجود اس وقت بھی 107 بلین ڈالرز کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
ایسا 1991 کے بعد پہلی بار ہے کہ بل گیٹس دنیا کے دس امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب طلاق کے بعد بل گیٹس کی اہلیہ فرنچ گیٹس کی مجموعی مالیت ایک سال قبل 10.3 بلین ڈالر سے بڑھ کر 29 بلین ڈالر تک پہنچ گئی اور وہ ملک کی نویں امیر ترین خاتون بن گئی ہیں۔
یہ بات بھی قابل غور ہے کہ بل گیٹس ستمبر 2022 میں انسان دوستی پر فوربس کے سمٹ میں مکالمے کے دوران وہ رینکنگ میں اپنی تنزلی کی پیشن گوئی کرچکے تھے۔
اس کی وجہ بتاتے ہوئے بل گیٹس نے کہا تھا کہ وہ فلاحی کاموں میں حصہ لیتے رہیں گے اور جب تک وہ فوربس کے ارب پتیوں کی فہرست سے باہر نہیں ہو جاتے تب تک ایسا کرتے رہیں گے۔