بیجنگ : سترہویں گرمائی پیرالمپکس فرانس کے دارلحکومت پیرس میں کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئے 10 دنوں کے مقابلوں میں ، چینی پیرالمپک ٹیم نے 19 بڑے مقابلوں کے302 ایونٹس میں سونے کے 94 ، چاندی کے76 اور کانسی کے 50 تمغے جیت کر زبردست کارکردگی سے مسلسل چھٹی بار سونے کے تمغوں اور تمغوں کی کل تعداد میں "ڈبل فرسٹ” حاصل کیا۔ چینی ٹیم نے تقریباً 100 تمغوں کی برتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود برطانیہ کو پیچھے چھوڑ ا اور اپنے مضبوط جذبے ، ناقابل تسخیر انداز اور شاندار کارکردگی کے ساتھ چین کے پیرا اسپورٹس کی نئی بلندیوں کو چھوا اور دنیا کو چینی جذبے اور تشخص سے ایک بار پھر روشناس کروایا ۔
1984 میں پہلی بار پیرالمپکس میں حصہ لینے کے بعد ، چینی پیرالمپک ٹیم کی کارکردگی میں مسلسل بہتری آئی ہے۔ 2004 کے ایتھنز پیرالمپکس میں چینی ٹیم پہلی بار سونے کے تمغوں اور تمغوں کی کل تعداد میں سرفہرست آئی۔پھر اگلے پانچ گرمائی پیرالمپکس گیمز میں چینی ٹیم نے لگاتار پہلی پوزیشن برقرار رکھی اور مضبوط طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی عالمی ریکارڈ توڑے ۔موجودہ پیرالمپک کھیلوں کے تیراکی کے میدان میں ، سال دو ہزار کے بعد پیدا ہونے والی چینی جوان کھلاڑی جیانگ یوئی یئن نے ایک بازو اور ایک ٹانگ پر انحصار کر تے ہوئے 7 طلائی تمغے جیتے۔کھلاڑی ڈی ڈونگ ڈونگ نے مردوں کی لانگ جمپ ٹی 11 فائنل میں 6.85 میٹر کی چھلانگ سے 10 سال پرانا عالمی ریکارڈ توڑ دیا اور 4×100 میٹر مکسڈ ریلے کے ابتدائی اور فائنل میچز میں چینی ٹیم نے دو دفعہ عالمی ریکارڈ توڑ کر چیمپیئن شپ جیتی ۔
چینی پیرالمپکس ٹیم کی قابل ستائش کامیابیوں کے پیچھے ٹیلنٹ سلیکشن کا سائنسی نظام اور مناسب تربیت اور تیاری کے اقدامات ہیں جو پیرا اسپورٹس کی ترقی کو فروغ دینے میں چین کی ادارہ جاتی برتریوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ چین میں "کاؤنٹی سطح پر کھلاڑیوں کی دریافت، میونسپل سطح پر ان کا انتخاب، صوبائی سطح پر تربیت، اور قومی سطح کی بہتری” کا چار سطحی تربیتی نظام قائم ہے۔ اس کے علاوہ، پیرالمپک ایونٹس کے ڈھانچے کی مسلسل بہتری اور چین میں پیرا اسپورٹس کے فروغ پر زور دینے کی بدولت زیادہ تعداد میں خصوی افراد کو پیرالمپک پروگرام میں حصہ لینے کا موقع ملا ہے۔
حالیہ برسوں میں، چینی پیرا ایتھلیٹس کے لئے تربیتی مقامات کی تعمیر کی بھر پور ضمانت فراہم کی گئی ہے. اس وقت خصوصی افراد کے لیے 40 سے زائد قومی سطح کے تربیتی مراکز تعمیر کیے جا چکے ہیں اور انہیں استعمال میں لایا جا چکا ہے۔ بیجنگ کے مضافات میں واقع 30 ہیکٹر رقبے پر محیط چائنا پیرا اسپورٹس مینجمنٹ سینٹر میں جدید جمنازیم، سوئمنگ پول، سائیکلنگ کے ٹریکس اور ایک بڑا پارک ہے جس میں 800 کھلاڑی بیک وقت تربیت حاصل کر سکتے ہیں۔
پیرالمپک کھیلوں میں چینی ٹیم کی شاندار کامیابیاں حالیہ برسوں میں خصوصی افراد کے تحفظ اور کھیلوں کی ترقی پر چین کی جانب سے دی جانے والی اہمیت اور توجہ کا نتیجہ ہیں، جو چین میں انسانی حقوق کے تحفظ اور قومی ترقی کی نمایاں کامیابیوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس وقت خصوصی افراد کے لئے کھیلوں کو نیشنل فٹنس، صحت مند چین اور اسپورٹس پاور جیسے چین کی قومی حکمت عملی میں شامل کیا گیا ہے اور ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ان افراد کی صحت یابی اور فٹنس اسپورٹس پروگرامز کے فروغ اور حکومت کی جانب سے کھیلوں اور فٹنس سروسز کی خریداری کے ذریعے ملک بھر میں خصوصی افراد کے لئے کھیلوں اور فٹنس کی سرگرمیوں کو فروغ دیا گیا ہے۔ نئے عہد کے آغاز سے اب تک چین کے خصوصی افراد کے شعبے میں "جامع طور پر معتدل خوشحال معاشرے کی تعمیر میں کسی بھی خصوصی فرد کو پیچھے نہ چھوڑنے” کا ہدف مقررہ وقت کے مطابق حاصل کر لیا گیا ہے۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بیسویں مرکزی کمیٹی کے تیسرے کل رکنی اجلاس کی قرارداد میں بھی ” خصوصی افراد کے لئے سماجی تحفظ کے نظام اور دیکھ بھال کی خدمات کے نظام کو بہتر بنانے "کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جسم نامکمل ہو سکتا ہے، مگر جان نہیں. پیرالمپکس کھلاڑی جسمانی رکاوٹوں کو عبور کرکےکھیلوں کے میدان میں ہمت ، استقامت اور اپنے خوابوں کی جستجو کی لگن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں سے کچھ کے پاس ان کے جسم کےاعضا نہیں ہیں لیکن ثابت قدمی کے ساتھ، وہ رننگ ٹریکس پر تیزی سے دوڑ گئے۔ کچھ بصارت سے محروم ہیں ، لیکن وہ ہدف کو درست طریقے سے نشانہ بنا لیتے ہیں۔ کچھ کو دماغی فالج ہے ، لیکن وہ غیر معمولی توازن کے ساتھ سویمنگ پول میں آگے بڑھنے کے قابل ہیں۔ ہر ایک خصوصی کھلاڑی جان کے لحاظ سے مضبوط ہے، اور وہ عملی اقدامات کے ساتھ "اپنی ظاہری محرومیوں پر قابو پانے اور حد کو چیلنج کرنے” کے پیرالمپک جذبے کی تشریح کرتے ہیں.
لوگ اس لئے اولمپک کے جذبےکو سراہتے ہیں کہ یہ صرف مقابلے نہیں ہوتے ۔یہ جذبے کھیلوں سے شروع ہوتے ہیں مگر کھیلوں تک محدود نہیں رہتے . اولمپک کا جذبہ وقت، قومیت، نسل، جنس اور جسمانی حالت کی حدود سے ماورا ہے اور وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے. موجودہ پیرس پیرالمپکس میں ، چینی کھلاڑیوں کی حیرت انگیز کارکردگی نے نہ صرف خصوصی افراد کی اکثریت کے لئے ایک مثال قائم کی ہے ، بلکہ پورے معاشرے کو خود اعتماد اور خود کفیل بننے اوربہادری کےساتھ چیلنجوں کا سامنا کرنے اور اپنی زندگی کا شاندار باب رقم کرنے کا سبق اور حوصلہ دیا ہے ۔
پیرالمپکس کھیل 2024 تو اختتام پذیر ہوئے لیکن پیرالمپکس کا جذبہ ہمیشہ زندہ رہےگا۔