چوہدری شافع حسین کا علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کا دورہ ،ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا
فیڈمک کے ہیڈ آفس میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ترقیاتی اداروں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کی
انڈسٹری اور صنعتکاروں کے مسائل اور فیڈمک کے امور کا تفصیلی جائزہ ،صوبائی وزیر کی جائز مسائل کے حل کی یقین دھانی
فیڈمک کے معاملات صنعتکاروں کی مشاورت سے درست کرکے اسے جنوبی ایشیا کی بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائیں گے ،چوہدری شافع حسین
پنجاب کو حقیقی معنوں میں کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے ،صوبائی وزیر صنعت وتجارت،: صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کا دورہ کیا ،ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا ۔صوبائی وزیر نے ایگذونوبل صنعتی یونٹ میں پیدا واری عمل کا مشاہدہ کیا ،مالکان اور صنعتی یونٹ کی انتظامیہ سے انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت کی۔بعدازاں فیڈمک کے ہیڈ آفس میں صنعتکاروںاور ترقیاتی اداروں کے سربراہان کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی جس میں فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس کے ترقیاتی امور اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔چیئرمین فیڈمک ،سی ای او فیڈمک ،ڈپٹی کمشنر ،سی پی او،سی ای او فیسکو اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ،صنعتکاروں نے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں ریلوے اسٹیشن کے قیام اور بنکوں کی برانچز کھلنے سے صنعتکاروں کو سہولت ملے گی۔فیڈمک میں سکیورٹی معاملات کی بہتری کیلئے ماڈل پولیس اسٹیشن بنایا جائے گا ،100بستروں پر مشتمل سوشل سکیورٹی کا ہسپتال بھی بنے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہائی وے ٹیکس سے متعلق حتمی فیصلہ تک صنعتکاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ فیکٹریاں تحفظ ماحولیات کی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ہر انڈسٹری پر لازم ہے کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے ،محکمہ تحفظ ماحولیات کا عملہ فیکٹری مالکان کو ناجائز تنگ نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ فیڈمک ملک کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ ،لیکن اس میں ٹیلی فون لائن تک نہیں ۔صوبائی وزیر نے انڈسٹریل اسٹیٹس میں سٹریٹ لائٹس کے بہتر نظام اور لٹکتی تاروں کو درست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتیں فیڈمک کے معاملات پر توجہ دیتیں تو ملک کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ اس صورتحال سے دو چار نہ ہوتی۔صوبائی وزیر نے ایم تھری انڈسٹریل سٹی کے ماسٹر پلان کی عدم دستیابی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ذمے داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔صنعتکاروں کی مشاورت سے فیڈمک کے معاملات ٹھیک کرکے اسے جنوبی ایشیا کی بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو حقیقی معنوں میں کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے۔اجلاس میں موجود چائنیز اور مقامی صنعتکاروں نے درپیش مسائل پر کھل کر اظہار خیال کیا ۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے جائز مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کرائی۔ بعض مسائل کے فوری حل کے لئے اجلاس میں موجود افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔