پاکستان چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں اشتراک کے فروغ کا خواہاں ہے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک چین سٹریٹجک تعلقات میں مسلسل بہتری اور سی پیک کی اپ گریڈیشن کے لئے مل کر کام کرنے کے چینی قیادت کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، جدید زراعت و دیگر شعبوں میں اشتراک کے فروغ کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈانگ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین سٹریٹجک تعلقات میں مسلسل بہتری اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اپ گریڈیشن کے لئے مل کر کام کرنے کا چینی قیادت کا وژن لائق تحسین ہے، پاک چین دوستی دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، جدید زراعت و دیگر شعبوں میں اشتراک کے فروغ کا خواہاں ہے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔