اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کی مسلم لیگ ن کے امیدوار علی گوہر بلوچ کی اپیل خارج کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ سے ثابت کریں ریٹرننگ افسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست بروقت دی گئی تھی، آپ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر انخصار کر رہے ہیں لیکن سپریم کورٹ نے فیصلے میں دو اصول طے کیے، سپریم کورٹ نے کہا جب دوبارہ گنتی کی درخواست بروقت آئے تو دوبارہ گنتی سے آر او انکار نہیں کر سکتا۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے دوبارہ گنتی کے لیے دونوں امیدواروں میں ووٹوں کے فرق کو بھی بیان کیا، ریکارڈ سے کہیں بھی ثابت نہیں ہو رہا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست 9فروری کو آئی تھی، آپ جس کاغذ پر انخصار کر رہے ہیں اس پر تاریخ بھی درج نہیں، کیا ریٹرننگ افسر نے کسی بھی فورم پر تسلیم کیا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست آئی تھی۔
وکیل ن لیگ حسن رضا نے دلائل میں کہا کہ ریٹرننگ افسر جھوٹ بھی تو بول سکتا ہے، جس پر جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ ریٹرننگ افسر نے کہا دوبارہ گنتی کی درخواست بعد میں ذہن میں آنے والی سوچ ہے۔
دوران سماعت ڈی جی لاء محمد ارشد عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس امین الدین خان نے ڈی جی لاء سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ریکارڈ کیا کہتا ہے۔ ڈی جی لاء نے بتایا کہ ہمارے ریکارڈ کے مطابق 9فروری کو دوبارہ گنتی کی درخواست نہیں دائر کی گئی۔