آل راؤنڈر عامر جمال ان فٹ، بنگلادیش کے خلاف سیریز سے باہر

آل راؤنڈر عامر جمال ان فٹ، بنگلادیش کے خلاف سیریز سے باہر

راولپنڈی: پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈرعامرجمال کو ان فٹ ہونے کے باعث بنگلادیش کے خلاف سیریز سے باہر کردیا گیا، اور فٹنس کو مزید بہتر بنانے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی واپس بھجوا دیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے عامر جمال کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا مگر ان کی شمولیت فٹنس سے مشروط تھی۔ تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کو ٹیسٹ اسکواڈ ریلیز کرتے ہوئے فٹنس کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھیج دیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ عامر جمال کو اب نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس پر کام کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ عامر جمال کمر کی تکلیف سے ری کور کررہے ہیں، عامر جمال کو کمر کی تکلیف کاؤنٹی کرکٹ کے دوران ہوئی تھی۔

گزشتہ مہینے قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال انگلش کاؤنٹی میں واروکشائر کے لیے کھیلنے کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔ واروکشائرکاؤنٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ عامر جمال کو کمر کی تکلیف ہوئی، عامر جمال بھرپور محنت کے باوجود بولنگ کرانے میں ناکام رہے ہیں، کیونکہ ان کو جسم میں تکلیف کا سامنا تھا۔

واضح رہے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز 21اگست سے شروع ہوگی، مہمان ٹیم اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 21 اگست کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

دوسرا میچ 30اگست سے کھیلا جائے گا اور یہ دونوں میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔ اس سے قبل دوسرا میچ کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا لیکن اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے باعث میچ راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment