نوجوان ہمارے کل کے رہنما، ملک کا روشن مستقبل تشکیل دیں گے: صدر، وزیراعظم

نوجوان ہمارے کل کے رہنما، ملک کا روشن مستقبل تشکیل دیں گے: صدر، وزیراعظم

اسلام آباد: نوجوانوں کے عالمی دن پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے کل کے رہنما ہیں، ملک کا روشن مستقبل تشکیل دیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کے عالمی دن پر پاکستان کے متحرک نوجوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، نوجوان ہمارے مستقبل کی ضمانت ہیں، پاکستانی نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ وہ مستقبل کے خواب دیکھنے والے اور لیڈر ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا فرض ہے کہ نوجوانوں کو صلاحیتیں نکھارنے، خوشحال، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کیلئے مواقع اور وسائل فراہم کریں، مجھے اپنے نوجوانوں کی کامیابیوں پر بہت فخر ہے، نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور استقلال ہماری قوم کی کامیابی کا محرک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے، ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کرکے انکی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، ہر پاکستانی نوجوان اپنے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائے، بڑے خواب دیکھے اور اپنے ملک کی بہتری کے لیے انتھک محنت کرے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ آئیے! مل کر اپنے نوجوانوں کی نشوونما اور مدد کریں کیونکہ پاکستان کا مستقبل ان کی کامیابی میں مضمر ہے، آج ہم نہ صرف نوجوان نسل کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہیں بلکہ ملکی ترقی میں ان کے کردار کو بھی سراہتے ہیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان کل کے رہنما ہیں جو ہمارے ملک کا روشن مستقبل تشکیل دیں گے، با اختیار نوجوان انفرادی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک کی وسیع تر سماجی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے اور پاکستان اپنے روشن مستقبل کی طرف گامزن ہو گا، تعلیم، کاروبار اور سماجی سرگرمیوں کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نوجوان اپنے اندر مثبت تبدیلی کے محرک بن سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کا عالمی دن منانے کا مقصد اس امر کا اعتراف کرنا ہے کہ نوجوان اس دنیا کے مستقبل کے معمار اور تبدیلی کا اصل محرک ہیں، اس سال نوجوانوں کے عالمی دن کا تھیم، "کلکس سے ترقی تک: یوتھ ڈیجیٹل پاتھ ویز فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ” یہ واضح کرتا ہے کہ آج کے دور جہاں ٹیکنالوجی اور مواقع کا سنگم ہو رہا ہے میں نوجوانوں کی کس قدر اہمیت ہے، ٹیکنالوجی اور مواقع کا یہ ملاپ نوجوانوں کو اپنی خواہشات کو ٹھوس نتائج میں بدلنے کی طاقت فراہم کرتا ہے تاکہ وہ ایک پائیدار اور مساوی مستقبل کی راہ ہموار کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ30 سال سے کم عمر کی 60 فیصد آبادی کے ساتھ پاکستان ایک بڑی نوجوان آبادی کا حامل ملک ہے جو تیزی سے عالمی ڈیجیٹل منظر نامے سے جڑ رہا ہے، تعلیم، کاروبار اور سماجی سرگرمیوں کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نوجوان اپنے اندر مثبت تبدیلی کے محرک بن سکتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم پاکستان کی نوجوان آبادی کی استعداد سے پوری طرح استفادہ کرنے اور ان کے لئے یکساں مواقع سے بھرپور سازگار ماحول پیدا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں ہم نے یوتھ لون اینڈ ایگریکلچرل سکیم متعارف کرائی جس کے اب خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں، آج تک ہم نے 280000 سے زیادہ نوجوانوں میں کاروبار کے لئے تقریباً 186 ارب روپے تقسیم کیے ہیں جس سے ملک بھر میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوئے ہیں، یوتھ بزنس لون سکیم کو ہماری حکومت کے دوران ری اسٹرکچر کیا گیا تھا اور ہم نے مائیکرو فنانس اداروں کو بھی بلا سود قرضے فراہم کرنے کے لیے شامل کیا۔

Comments (0)
Add Comment