جج کا کام تقریریں کرنا نہیں، عدالتوں کو پارلیمنٹ کے بنائے گئے قانون کے مطابق فیصلے کرنا ہوں گے، رانا ثناءاللہ
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے جج کا کام تقاریر کرنا نہیں، پارلیمان کو قانون بنانے کا اختیار ہے، اور عدالتوں کو اسی کے مطابق فیصلے کرنا ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کوئی ایسا اسپورٹس کمپلیکس نہیں جہاں عالمی معیار کی سہولتیں موجود ہوں، ضروری ہے کہ صوبائی سطح پر ایسی اکیڈمیاں بنائی جائیں جہاں پر کھلاڑیوں کو سہولیات میسر ہوں۔
انہوں نے کہاکہ فیڈریشن اور بورڈ میں بیٹھے لوگوں کو کام سے کوئی غرض نہیں، وہ آرام فرما رہے ہیں، جب لوگ ہر طرف سے فارغ ہوجاتے ہیں تو بورڈ اور فیڈریشن میں جاکر بیٹھ جاتے ہیں۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار کیوں سست ہوئی اس حوالے سے انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز سے پوچھنا چاہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینیئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے گزشتہ روز ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کے پاس اختیار نہیں کہ وہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرے۔
یہ بھی یاد رہے کہ حکومت سپریم کورٹ آف پاکستان کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے، اور اس ضمن میں الیکشن ایکٹ میں ترمیم بھی کردی ہے۔ لیکن دوسری جانب پی ٹی آئی نے اس قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے، جس کے بعد گیند ایک بار پر عدالت کے پاس چلی گئی ہے۔