مسلم لیگ ق کے رہنما صاحبزادہ عتیق گھمن کل دوحہ میں اسماعیل ہنیہ کے نمازجنازہ میں شرکت کریں گے

لاہور:جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ق و صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے قطر میں مقیم لیگی رہنما صاحبزادہ عتیق گھمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اورکہا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت عالم اسلام کے لیے بہت بڑا سانحہ ہے-
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ شہید مظلوم فلسطینیوں کی توانا آواز تھے۔تمام مسلم ممالک کو اس وقت متحد ہونا چاہیے۔
چوہدری شافع حسین کی ہدایت پر ق لیگی رہنما صاحبزادہ عتیق گھمن دوحہ میں اسماعیل ہنیہ کی نمازہ جنازہ میں شرکت کریں گے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مسلم لیگ مظلوم فلسطینیوں اور اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔
میزائل حملے میں شہید ہونے والے حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ شہید کی نماز جنازہ تہران میں ادا کر دی گئی۔
اسماعیل ہانیہ کی نماز جنازہ تہران یونیورسٹی میں ادا کی گئی، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے نماز جنازہ پڑھائی، نماز جنازہ میں خواتین سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
جنازے کے شرکاء نے اسماعیل ہانیہ کی تصویر اور فلسطین کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے جبکہ اسماعیل ہانیہ کے جنازے کو ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی جیسا پروٹوکول دیا گیا۔
حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ شہید کی نماز جنازہ کل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بھی ادا کی جائے گی، نماز جنازہ کے بعد اسماعیل ہانیہ کو دوحہ میں سپردخاک کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان سمیت متعدد ممالک میں گزشتہ روز اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ متعدد مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے آج بھی مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، اسماعیل ہانیہ پر تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے ایران میں موجود تھے۔

Comments (0)
Add Comment