اعتصام الحق ثاقب
پاکستان میں پاک چین انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفی حیدر سید نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان اور چین، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) کے ذریعے ابھرتے ہوئے سبز شعبوں میں تعاون بڑھا رہے ہیں ۔
یہ ریمارکس آٹھویں چین-جنوبی ایشیاء ایکسپو سے قبل دیئے گئے جو 23-28 جولائی کو صوبہ یوننان کے شہر کھن منگ میں جاری ہے ۔ چینی وزارت تجارت (ایم او ایف سی او ایم) کے مطابق سبز توانائی ایکسپو کے دوران کاروباری تعاون کا مرکز بنے گی ۔
کئی ماہرین کا خیال ہے کہ چینی صنعت کی پاکستان میں منتقلی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو تیز کرنے ، دو طرفہ گرین سیکٹر تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے کیوں کہ ایسا کرنے سے مقامی اقتصادی ترقی اور توانائی کی منتقلی کو فروغ ملے گا جب کہ چینی فرمز کو پاکستان کی کم پیداواری لاگت سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائے گا ، جس سے وسطی ایشیا اور مشرق وسطی کے ساتھ چین کی سبز مارکیٹ میں آسانیاں پیدا ہوں گی ۔
سی پیک ، جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت ایک اہم منصوبہ ہے ، ایک گرین اکنامک کوریڈور میں تبدیل ہو رہا ہے ۔اس منصوبے میں پاکستا ن کے لیے کئی فائدے ہیں جن میں توانائی کی قلت کو دور کرنا ، رابطوں کو بہتر بنانا ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور بندرگاہوں کی بحالی شامل ہیں ۔ پاکستان، چین کی مہارت اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گرین سی پیک میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں اور ماحول دوست اقدامات کے لیے پرعزم ہے ۔ ماہرین کا خیال ہے کہ چین کی طرف سے مالی مدد کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے ان منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے پانڈا بانڈز اور گرین بانڈز سے سرمایہ کاری کی جانی چاہیے ۔
2013 میں اپنے قیام کے بعد سے ، سی پیک نے پاکستان میں دو لاکھ چھتیس ہزار ملازمتیں پیدا کیں اور 510 کلومیٹر شاہراہوں ، آٹھ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ، اور 886 کلومیٹر ایکسپریس وے نیٹ ورک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ۔ شمالی پاکستان میں ونڈ اور ہائیڈرو الیکٹرک انرجی جیسے منصوبے توانائی کے مرکب کو متنوع بنانے کی کلیدی کوششیں ہیں ، جس کا مقصد 2030 تک 30 فیصد سبز توانائی کی صلاحیت ہے ۔ جون میں ، شمال مغربی پاکستان میں چین کے تعمیر کردہ سکی کناری پن بجلی منصوبے نے سی پیک کے تحت قابل تجدید توانائی کے تعاون میں پیشرفت کو ہدف بناتے ہوئے اپنے ویٹ ٹیسٹنگ مرحلے کا آغاز کیا ۔ ماہرین کا یہ خیال ہے کہ پاکستان میں سولر پینل مینوفیکچرنگ کو مقامی بنانے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیئے کیوں کہ سبز کوریڈور کا مقصد چین سے پاکستان میں کم کاربن کی سرمایہ کاری کو آسان بنانا ، سبز سرمایہ کاری کے واضح معیارات قائم کرنا اور منصوبوں کی مالی عملداری ، سلامتی اور منافع کو یقینی بنانا ہے ۔
پاکستان اور چین کا تعاون عوام پر مرکوز تعاون کی مثال ہے ۔ ماحولیات اور ماحولیاتی تحفظ پر چین کی توجہ قابل تعریف ہے اور اسے پاکستان کی جدید کاری کے لیے ایک نمونہ کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے ۔ مئی کے آخر میں ، چین اور پاکستان نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لیے انوویشن اور گرین کوریڈورز سمیت پانچ نئے کوریڈورز کا اعلان کیا ۔ پاکستانی حکام کا مقصد قابل تجدید توانائی اور جدید زرعی منصوبوں میں مزید چینی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے ۔ ماہرین کے مطابق اس حقیقت سے اب سب واقف ہیں کہ عالمی جنوب، قیادت کے لیے چین کی طرف دیکھ رہا ہے کیونکہ عالمی معیشت مشرق کی طرف بڑھ رہی ہے ۔