بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کا اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے چار سال کی شادی کے بعد اپنی اہلیہ نتاشا اسٹینکووچ سے باہمی رضامندی سے علیحدگی لینے کا اعلان کردیا۔
جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ میں ہاردک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ نے لکھا کہ چار سال ساتھ رہنے کے بعد نتاشا اور میں نے باہمی رضامندی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مل کر اپنی پوری کوشش کی اور اس رشتے کو اپنا سب کچھ دیا اور ہمیں یقین ہے کہ یہ سب ہم دونوں کے بہترین مفاد میں ہے۔
آل راؤنڈر نے لکھا کہ یہ ہمارے لیے ایک مشکل فیصلہ تھا، ہمیں آگستیا کی نعمت سے نوازا گیا جو ہم دونوں زندگیوں کا محور رہے گا اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہم اسے اس کی خوشی کے لیے ہر وہ چیز فراہم کریں جو ہم کر سکتے ہیں۔
پانڈیا نے اپنے چاہنے والوں اور قریبی لوگوں سے اس مشکل اور حساس وقت میں ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست کی۔
واضح رہے کہ 2018 میں یہ افواہیں پھیلنا شروع ہوئی تھیں کہ نتاشا اور پانڈیا ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے ہیں پھر 2019 میں اس بات کی اس وقت تصدیق ہوئی جب ایک انسٹاگرام پوسٹ میں نتاشا نے پانڈیا کو ’بہترین دوست‘ کہا تھا۔
دونوں نے یکم جنوری 2020 کو منگنی کی اور اسی سال جولائی میں ان کے ہاں بیٹے اگستیا کی پیدائش ہوئی تھی۔
جوڑے کو اکثر تقریبات ساتھ دیکھا جاتا اور ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی طرح یہ جوڑا بھی کافی مقبول تھا لیکن مئی 2024 سے یہ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ اس جوڑے کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔
اپنی تصاویر تواتر کے ساتھ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے پانڈیا اور نتاشا نے اچانک گزشتہ چند مہینوں سے اس سلسلے کو مکمل طور پر روک دیا تھا اور اس مرتبہ آئی پی ایل 2024 میں بھی نتاشا میدان میں نہیں دیکھی گئیں۔
اس تمام صورتحال سے یہ افواہیں جنم لینے لگیں کہ اس جوڑے کے درمیان علیحدگی ہونے والی ہے جس کی آج دونوں نے تصدیق کردی۔