لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے اپنے 15 رکنی سکواڈ کا جمعے کو اعلان کر دیا ہے۔
امریکہ اور کیریبین میں یکم جون سے 29 جون تک ہونے والے اس عالمی ایونٹ میں بابر اعظم پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
سلیکشن کمیٹی کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی باصلاحیت اور متوازن ٹیم ہے جس میں نوجوانوں اور تجربے کاروں کا امتزاج موجود ہے۔
بیان کے مطابق: ’یہ کھلاڑی کچھ عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں اور عالمی ایونٹ کے لیے اچھی طرح تیار نظر آتے ہیں۔ حارث رؤف مکمل طور پر فٹ ہیں اور نیٹ پر اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ آنے والے میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے کیونکہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں دیگر بولرز کے ساتھ ان کا اہم کردار ہوگا۔
‘کمیٹی نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں کوئی ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
15 کھلاڑیوں میں ابرار احمد، اعظم خان، محمد عباس آفریدی، صائم ایوب اور عثمان خان کو پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے جب کہ محمد عامر اور عماد وسیم آخری بار 2016 اور 2021 میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے تھے۔
دیگر 8 کھلاڑیوں نے 2022 میں آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی20 ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا ریکارڈ متاثر کن رہا ہے اور 2009 میں پاکستان نے یونس خان کی قیادت میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
2007 میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے شعیب ملک کی قیادت میں فائنل کھیلا تھا جبکہ 2022 میں بھی پاکستان بابراعظم کی قیادت میں فائنل پہنچ پایا۔ 2010، 2012 اور 2021 میں پاکستان اس میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کھیل چکا ہے۔
پاکستان سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
بابر اعظم (کپتان) ۔ ابرار احمد ۔ اعظم خان ۔ فخرزمان ۔ حارث رؤف ۔ افتخار احمد ۔ عماد وسیم ۔ محمد عباس آفریدی ۔ محمد عامر۔ محمد رضوان ۔ نسیم شاہ ۔ صائم ایوب ۔ شاداب خان ۔ شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان۔