وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے سعودی عرب پہنچنے کے بعد پاکستانی عازمین حج کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا ہے اور بہترین سہولیات کی فراہمی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے پاکستان حج مشن کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا جہاں وزیر مذہبی امور اور سید عطا الرحمان کو حج آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے مدینہ حج مشن کے مین کنٹرول آفس میں کمپلینٹ مینجمنٹ سیل کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ڈائریکٹر مدینہ ضیا الرحمان نے پاکستان حج مشن مدینہ منورہ پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا کہ عازمین حج کی شکایات کا ازالہ بروقت ہونا سسٹم کی کامیابی کی دلیل ہے، پاکستانی عازمین حج کے لیے مرکزیہ میں مسجد نبوی کے قریب ترین رہائش گاہوں پر بھرپور اطمینان کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزیہ میں مسجد نبوی کے قریب ترین رہائش گاہیں لینا پاکستانی حج مشن کی بڑی کامیابی ہے، عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستانی حج مشن محنت، لگن اور دینی جذبے کے تحت عازمین حج کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امو چوہدری سالک حسین حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے