اسلام آباد: پاکستان کی معروف ٹیلی کام کمپنی زونگ فورجی نے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (MEPCO) کے ساتھ شراکت کی ہے جس کا مقصد کاروباری مواصلات کی سروسز کو بہتر بنانا اور ٹیلی کام کے شعبہ میں میپکو کی ضروریات کو پوراکرنا ہے۔
ملتان الیکٹرک پاور کمپنی،پاکستان کی ایک مشہور تقسیم کار کمپنی ہے جو جنوبی پنجاب کے 13اضلاع میں خدمات انجام دے رہی ہے۔یہ کمپنی بجلی کی پیداوار کے لیے ہائیڈرو۔الیکٹرک پاور کا استعمال کرتی ہے اورمذکورہ اضلاع کے تقریبأ تین کروڑ چالیس لاکھ باشندوں کو بجلی فراہم کررہی ہے۔
زونگ فورجی اس تعاون کے ذریعے جدید ترین ٹیکنالوجی اور کاروبار کے جامع حل کا استعمال کرتے ہوئے میپکو کی کاروباری ضروریات کو پورا کرنے کا خواہش مندہے۔اس سلسلے میں میپکو کی جانب سے حال ہی میں باقاعدہ ٹینڈر جاری کیا گیا تھا جسے زونگ فورجی نے اپنی بہترین آفر کے ذریعے حاصل کیا ہے۔زونگ فورجی کے ریجنل ڈائریکٹر برائے کارپوریٹ سیلز فرحان ذاکر کی صدارت میں شراکت داری کے معاہدہ پر باقاعدہ دستخط کی تقریب ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوئی۔یہ اسٹریٹجک شراکت داری زونگ فو رجی کے کارپوریٹ کسٹمرزکے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
زونگ فورجی کے آفیشل ترجمان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ،”یہ شراکت داری ہمارے لیے خوش آئنداورکمپنی کی ترقی میں ایک قابل ذکر اضافہ ہے جو کہ زونگ فورجی کے لیے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف ایک معروف ٹیلی کام آپریٹر کے طورپر زونگ فورجی کی پوزیشن کومستحکم بناتی ہے بلکہ کارپوریٹ شعبہ کو جدید سروسز اور قابل اعتماد معاونت فراہم کرنے کے عزم کو بھی اجاگر کرتی ہے۔“