اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے پاکستان کو شکست دےدی
تیسویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے پاکستان کو شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کا میچ مقررہ وقت میں دو دو گول سے برابر رہا جس کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹس پر میچ کا فیصلہ ہوا جس میں جاپان نے پاکستان کو 1-4 سے مات دے دی۔
ملائیشیا کےشہر ایپو میں پاکستان اور جاپان کے مابین فائنل میں آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایکدوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑتوڑ حملے کیے۔
جاپان نے کھیل کے بارہویں منٹ میں سیرین تناکہ کے ذریعے گول کرکے برتری حاصل کی جو ہاف ٹایم تک برقرار رہی، 34 ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے اعجاز احمد نے فیلڈ گول اسکور کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا۔
عبدالرحمن نے 37 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے پاکستان کو برتری دلائی تاہم 47ویں منٹ میں ماٹسوموٹو نے فیلڈ گول اسکور کرکے میچ 2-2 گول سے برابر کردیا۔
پینلٹی شوٹ آؤٹس مرحلہ میں پاکستان ٹیم کارکردگی نہ دکھا سکی۔ پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف، ارشد لیاقت گول نہ کرسکے، واحد گول عماد بٹ نے اسکور کیا۔
جاپان نے پینلٹی شوٹ آؤٹس 1-4 گول سے جیت کر ایونٹ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم ایونٹ کی سلور میڈلسٹ قرار پائی۔ یادرہے کہ پاکستان نے گذشتہ ایونٹ میں براؤنز میڈل حاصل کیا تھا۔ فائینل کے مین آف دی میچ کا ایوارڈ رانا وحید اشرف کے نام رہا، سفیان کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی ،جاپان کے خلاف بھی پاکستانی ٹیم نے فائینل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ؛ قومی ہاکی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لئے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ عرصہء دراز کے بعد پاکستان نے قومی کھیل کے اس اہم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی جو کہ انتہائی خوش آئند ہے ، حکومت کھیلوں بالخصوص قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔
حکومت پنجاب کا قومی ہاکی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان
دوسری جانب اذلان شاہ کپ میں عمدہ کارکردگی دیکھانے اور دوسری پوزیشن اپنے نام کرنے پر حکومت پنجاب نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا ۔
وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سلطان اذلان شاہ کپ میں عمدہ کارکردگی پر قومی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔
فیصل کھوکھر نے کہنا تھا کہ جذبے، جوش، ولولے اور محنت سے قومی ٹیم نے اذلان شاہ کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور فائنل میں پاکستان کا کھیل شاندار کھیل کا مظاہری کیا۔
میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے قومی ہاکی ٹیم کے لئے بڑا اعلان کر دیا، میئرکراچی کا کہنا ہے کہ ہر کھلاڑی کوایک لاکھ روپےفی کس دیئےجائیں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ٹیم کاسلورمیڈل جیتناہاکی کی بحالی کی جانب پہلا قدم ہے، فائنل میں پاکستان نے اچھا کھیل پیش کیا ہے
انھوں نے کہا کہ ایک بار پھر قومی ٹیم نے عالمی افق پر قومی پرچم بلند کیا ہے۔
واضح رہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے پاکستان کو پنالٹیز گول میں شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہیں،نوجوان کھلاڑیوں نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔
رانا مشہود کا مزید کہنا تھا کہ جاپان کو فتح کی مبارکباد دیتا ہوں، ان کا کہنا تھا ہماری ہاکی ٹیم نے ثابت کیا میرٹ ملک کی سب سے بڑی ضرورت ہے،ہاکی کے کھیل اور کھلاڑیوں کوہمار ی مکمل سپورٹ حاصل ہی،ہاکی ٹیم کا پر تپاک استقبال کیا جائے گا۔