وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کو سیاہ دور سے نکال کر ترقی کی جانب لے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کلینکس آن ویل پراجیکٹ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ کلینکس آن ویل پراجیکٹ شعبہ صحت کو مکمل طور پر بدل دے گا، عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، کلینکس آن ویلز میں تمام بنیادی طبی سہولیات موجود ہیں، ہم 200 کلینکس آن ویلز کو مختلف پوائنٹس پر سٹینڈ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 200 میں سے 50 گاڑیوں میں الٹراساؤنڈ کی سہولت موجود ہوگی، کلینکس آن ویل میں ایک ڈاکٹر ہوگا اور ٹیسٹس کی سہولت بھی موجود ہوگی، 40 لاکھ افراد کلینکس آن ویلز پراجیکٹ سے مستفید ہوں گے، کلینکس آن ویل کے اندر زچہ و بچہ کیلئے بھی سہولیات ہوں گی۔
مریم نوازکا کہنا تھا کہ کلینکس آن ویل اس جگہ پارک ہوں گی جہاں ہسپتال کی سہولت دور ہو، کلینکس آن ویل میں سکریننگ اور ویکسی نیشن کی سہولت بھی موجود ہوگی، پراجیکٹ میں ہم 36 اضلاع کے مقامی ڈاکٹرز کو ترجیح دیں گے، یہ منصوبہ طبی شعبہ کو مکمل طور پر تبدیل کردے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ منصوبہ شہباز شریف نے شروع کیا تھا، گزشتہ دور حکومت میں اس منصوبے کو بند کر دیا گیا تھا، ہم شہبازشریف اور نواز شریف کے منصوبوں کو دوبارہ سیدھا کر رہے ہیں، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاک کی کمی کو پورا کرنے پر بھی غور کرر ہے ہیں، ہم صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز پر لے کر جا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے 8 اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیالوجی کی سہولت لے کر آ رہے ہیں ، پنجاب کو سیاہ دور سے نکال کر ترقی کی جانب لے کر جا رہے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کلینکس آن ویل پراجیکٹ کا افتتاح کیا، اس موقع پر صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان ودیگر بھی موجود تھے۔