پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے گورنر خیبرپختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھالیا، تقریب میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے شرکت نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے فیصل کریم کنڈی سے گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ حکام، سیکریٹریز، پی پی کے کارکنان شریک ہوئے جبکہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کی۔
فیصل کریم کنڈی کے حلف اٹھاتے ہی پنڈال میں پی پی کے کارکنان نے جئے بھٹو اور بے نظیر کے حق میں نعرے بازی کی۔
حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارٹی چیئرمین اور صدر آصف زرداری کاشکریہ ادا کرتا ہوں، پارٹی کے اعتماد کی وجہ سے صوبے میں جیالا گورنر آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزاورصوبے کے درمیان میں پل کا کردارادا کروں گا، ہم صوبے اور مرکز کے درمیان محاذ آرائی نہیں چاہتے اور مالی بحران ختم کرنے کے لیے تمام جماعتوں کے پاس جاؤں گا۔
فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت کو مل کر چلنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیں مل کر صوبے کیلیے جدوجہد کریں مشترکہ جنگ لڑ کر اس کو حقوق دلوائیں۔
علی امین گنڈا پور کی عدم شرکت کے سوال پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلی کی مصروفیات ہوسکتی ہیں کہ وہ نہیں آئے مگر اب انھیں دعوت ہے کہ آئیں اور ملکر چلیں۔