پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی: وزیر داخلہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ دشمن پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ چینی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔ دشمن کی ایسی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔
کراچی میں چینی قونصلیٹ میں چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ سے ملاقات میں وزیرداخلہ نے پاکستان خصوصا کراچی میں چینی شہریوں کی حفاظت سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیرمقدم کیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی بہت عزیز ہے، چینی شہریوں کی آمدورفت کیلئےایس اوپیزپرسختی سےعملدرآمد کرایا جا رہا ہے، چینی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔

قبل ازیں وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کی اجازت دیدی۔

ایف سی آزادکشمیر میں چینی باشندوں اور بجلی گھروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کےلئے تعینات ہو گی۔ فرنٹیئر کانسٹیبلری کی 6 پلاٹونز 3 ماہ کے لئے تعینات کی جائیں گی۔

آزاد کشمیر حکومت نے پولیس کی معاونت کے لئے ایف سی تعیناتی کی درخواست کی تھی، نیلم جہلم ، منگلا اور گل پورپاور ہاؤسز کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے ایف سی تعینات ہو گی۔

Comments (0)
Add Comment