کرپشن کا خاتمہ ہونے والا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ ہونے والا ہے، وہ اپنے دور حکومت میں شاہ خرچیوں میں کمی لانے اور مزدور کی تنخواہ میں اضافے کی کوشش کریں گے۔

لاہور میں یوم مزدور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو تنگ بنایا ہوا ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن یہ مہنگائی کا متبادل نہیں ہے، روز کے اخراجات مزدور بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا بندہ مزدور کے اوقات بہت سخت ہیں اور زندگی غریب آدمی پر تنگ ہے، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کا تقاضا ہے کہ امیر غریب کے فرق کو کم کیا جائے اور مزدور کی اجرت پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد مرحوم بھی ایک مزدور تھے، میرے والد پاکستان بننے سے پہلے لاہور آئے اور 6 بھائیوں کے ساتھ لاہور کی فیکٹری میں مزدوری کرتے تھے، میرے والد نے لاہور میں کالج میں داخلہ لیا اور شام میں

مزدوری کرتے تھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ہمیں مزدور کی عظمت کا پورا احساس ہے، مزدور کو جائز حق نہیں ملے گا تو ملک ترقی نہیں کر سکتا، شاہ خرچیوں میں کمی لانے کی کوشش کریں گے اور مزدور کی تنخواہ میں اضافے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج سفارش کا سکہ رائج الوقت ہے، کھربوں روپےکرپشن کی نذر ہو رہے ہیں، ڈوب رہے ہیں، انہیں واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں، کرپشن کا خاتمہ ہونے والا ہے، یہ ملک امیر کا بھی ہے، غریب کا بھی ہے، یتیم

کا بھی ہے اور بیوہ کا بھی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا سرمایہ کار اور محنت کش ایک ہی گاڑی کے پہیے ہیں، ہر فیکٹری میں ایک پہیہ سرمایہ کار ہے اور ایک محنت کش ہے، سرمایہ کاروں، تاجروں، کاروباری افراد کی دولت پر مزدوروں کا بھی حق ہے، کاروباری حضرات خاندان کے علاوہ محنت کش کے بچوں کی تعلیم، علاج کے لیے منصوبے بنائیں، ایسے منصوبے بنائیں کہ مزدور کا بچہ انجینئر اور ڈاکٹر بنے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ملک کے معاشی حالات چیلنجنگ ہیں، سعودی وزرا سے تسلی بخش ملاقاتیں ہوئی ہیں، چند دنوں میں سعودی کاروباری حضرات پاکستان آنے والے ہیں، حکومت ملکی معیشت کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment